Saturday, February 22, 2025 | 23, 1446 شعبان
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • دہلی میں عام آدمی پارٹی کو لگا بڑا جھٹکا، عآپ کے 3 کونسلر بی جے پی میں ہوئے شامل

دہلی میں عام آدمی پارٹی کو لگا بڑا جھٹکا، عآپ کے 3 کونسلر بی جے پی میں ہوئے شامل

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 15, 2025 IST     

image
دہلی میں الیکشن جیتنے کے بعد بی جے پی اب ٹرپل انجن والی حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے تین کونسلر بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔AAP کونسلروں نے دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا کی موجودگی میں بی جے پی سے ہاتھ ملایا۔ اب سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ کیا ایم سی ڈی کا اگلا میئر بی جے پی سے ہوگا؟ عآپ کے جو کونسلر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں ان میں اینڈریوزگنج  سے کونسلر انیتا بسویا، آر کے پورم سے کونسلر دھرم ویر اور چپرانہ وارڈ 152 سے کونسلر نکھل شامل ہیں۔
 
اس موقع پر دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے کہا،پچھلی دہلی حکومت کی تمام غلطیاں ختم ہونے والی ہیں، انہیں سزا ملے گی۔ چاہے وہ شیش محل گھوٹالہ ہو، شراب گھوٹالہ ہو، واٹر بورڈ گھوٹالہ ہو، راشن کارڈ گھوٹالہ ہو یا محلہ کلینک گھوٹالہ۔ دہلی کو لوٹنے والے ہر شخص کو سزا ملے گی۔ کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔'حالیہ اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت کے بعد، بی جے پی دہلی میں 'ٹرپل انجن حکومت' بنانے کے لیے میئر کے عہدے پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ اپریل میں مئیر کے انتخابات ہونے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے گزشتہ سال نومبر میں ہونے والے میئر کے انتخاب میں تین ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بی جے پی لیڈروں نے بدھ کو کہا کہ بی جے پی اپنے کونسلر کو آسانی سے میئر بنا سکتی ہے۔
 
بی جے پی کی دہلی یونٹ کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ حال ہی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں 48 سیٹیں جیتنے والی بی جے پی کے پاس دہلی میونسپل کارپوریشن میں 14 نامزد ممبران میں سے 10 ہوں گے، جبکہ AAP کے پاس چار ہوں گے۔ اس کے علاوہ کئی AAP کونسلر نئی حکومت کے تحت اپنے وارڈوں کی ترقی کے لیے بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ حکام کے مطابق میونسپل کارپوریشن میں اے اے پی کے 121 کونسلروں میں سے تین نے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی، جب کہ بی جے پی کے 120 کونسلروں میں سے آٹھ ایوان میں منتخب ہوئے۔2022 کے بلدیاتی انتخابات میں، AAP نے 134 وارڈوں، بی جے پی نے 104، کانگریس نے 9 اور آزاد امیدواروں نے تین وارڈوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ بی جے پی لیڈروں کے مطابق، میئر کا انتخاب پارٹی کو دہلی کے لوگوں کی خدمت کے لیے 'ٹرپل انجن والی حکومت' بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔