Wednesday, February 11, 2026 | 23, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • دہلی میں ایک اور حادثہ: روہینی میں کھلے مین ہول میں گرنے سے نوجوان کی موت

دہلی میں ایک اور حادثہ: روہینی میں کھلے مین ہول میں گرنے سے نوجوان کی موت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Feb 11, 2026 IST

 دہلی میں ایک اور حادثہ: روہینی میں کھلے مین ہول میں گرنے سے نوجوان کی موت
دہلی اور اس کے گردونواح میں سرکاری محکموں کی مبینہ غفلت کی وجہ سے حادثات کا سلسلہ تھم نہیں رہا ہے۔ نوئیڈا اور جنک پوری کے بعد اب روہینی میں بھی ایک نوجوان کھلے مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔یہ حادثہ بیگم پور تھانہ علاقے کے روہینی سیکٹر 32 میں مہاشکتی کالی مندر کے پاس پیش آیا۔ متوفی کی شناخت برجو کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو بہار کے ضلع سمستی پور کا رہائشی تھا اور مزدوری کرتا تھا۔ اس واقعے نے ایک بار پھر انتظامیہ کی لاپرواہی کو بے نقاب کر دیا ہے۔
 
حادثہ کیسے پیش آیا؟
 
بتایا جا رہا ہے کہ' برجو 'منگل کی دیر شام اپنے ایک دوست کے ساتھ مزدوری کر کے واپس لوٹ رہا تھا۔پولیس کے مطابق، مبینہ طور پر دونوں نشے کی حالت میں تھے کہ اچانک برجو کا توازن بگڑا اور وہ کھلے مین ہول میں جا گرا۔اس کے دوست کو کافی دیر بعد اس بات کا احساس ہوا، جس کے بعد اس نے پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے مین ہول کے پاس پڑی چپلوں کی مدد سے نوجوان کی شناخت کی۔ اسے بچانے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔
 
امدادی کاروائی اور عوامی ردعمل:
 
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF) کو بھی طلب کیا گیا۔کئی گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد برجو کی لاش کو مین ہول سے باہر نکالا گیا۔واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ مین ہول کافی عرصے سے کھلا پڑا تھا، لیکن انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی۔ حادثے کے فوراً بعد اب اس مین ہول کو ڈھانپ دیا گیا ہے۔
 
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں اس طرح کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں:جنوری میں سافٹ ویئر انجینئر یوراج مہتا کی موت ایک مال کے بیسمنٹ کے لیے کھودے گئے گڑھے میں گرنے سے ہوئی تھی۔ دھند کی وجہ سے انہیں گڑھا نظر نہیں آیا تھا اور وہاں کوئی بیری کیڈنگ بھی نہیں تھی۔اسکے علاوہ چند دن قبل ہی جنک پوری میں ایک بینک ملازم گڑھے میں گرنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔