کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے صدر اور رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے جہاں مقامی سیاست اور قیادت پر زور دیا، وہی بین الاقوامی تجارتی پابندیوں کے حوالے سے بھی مودی حکومت کو خبردار کیا۔
مسلم برادری اپنی قیادت خود ابھارے: بیرسٹر اویسی
جگتیال میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے مسلم برادری پر زور دیا کہ وہ سیاسی طور پر بیدار ہوں اور اپنی قیادت خود تیار کریں۔ انہوں نے مختلف طبقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:جب ٹھاکروں، برہمنوں، شتریوں، ریڈیوں، ویلماؤں، منّورو کاپوؤں، پدم شالیوں، گوڑوں، لمباڑؤں، مالاؤں، مادیگاؤں اور یادوؤں کی اپنی اپنی قیادت موجود ہے، تو مسلمانوں کو اس حق سے محروم رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
روسی تیل اور امریکی پابندیاں: کریم نگر میں اہم انکشاف
کریم نگر کے جلسے میں بیرسٹر اویسی نے خارجہ پالیسی اور تجارتی پابندیوں کا تذکرہ چھیڑا۔ انہوں نے امریکی صدر کے ایگزیکیٹو آرڈر 14329 میں کی گئی تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آرڈر کی شق 4 کے تحت ہندوستان کے لیے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ہندوستان نے روسی فیڈریشن سے تیل کی براہِ راست یا بالواسطہ درآمدات دوبارہ شروع کیں، تو ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستانی مصنوعات پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
ایم ایل اے گنگولا کملاکر پر سنگین الزامات:
صدرِ مجلس نے بی آر ایس لیڈر اور ایم ایل اے گنگولا کملاکر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے ایم آئی ایم کی حمایت سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن اب وہ پارٹی کے خلاف ہو گئے ہیں۔ اویسی نے دعویٰ کیا کہ:گنگولا کملاکر نے بی آر ایس کے 15 کارپوریٹرس کو بی جے پی میں شامل کرانے میں سہولت کاری کی۔
وہ خود بھی جلد بی جے پی میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
کاغذ نگر میونسپل انتخابات: ماجد حسین کی مہم
ضلع آصف آباد کے کاغذ نگر میں میونسپل انتخابات کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ نامپلی (حیدرآباد) کے رکنِ اسمبلی ماجد حسین نے کاغذ نگر کا دورہ کیا اور وارڈ نمبر 23 میں مجلسی امیدوار عابد قادری کے حق میں پیدل مہم چلائی۔منصف ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ماجد حسین نے کہا کہ عوامی ردِعمل مثبت ہے اور انہیں پوری امید ہے کہ اس مرتبہ ایم آئی ایم کا امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔