مغربی بنگال:آسنسول کے نیامت پور میں جمعہ کی رات اسکوٹی پر سوار دو نوجوانوں نے بے خوف نیامت پور رحمان پاڑہ علاقہ کے رہنے والے جاوید باری نامی نوجوان کو گولی مار دی۔ ارتکاب جرم کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔متوفی اپنے گھر سے چہل قدمی کے لیے نکلا تھا،اسی دوران یہ واردات انجام دیا گیا۔واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ متوفی جاوید آسنسول میونسپل کارپوریشن کے تحت کلٹی بورو آفس میں کام کرتا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ مقتول کے لواحقین نے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ یہ واقعہ رات 10 بجے پیش آیا اور یہ واقعہ زمینی تنازعہ کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس فی الحال معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
نیامت پور میں جرائم پیشہ افراد کے حوصلے عروج پر:
آپ کو بتاتے چلیں کہ نیامت پور تھانہ کے تحت چناکڑی علاقے میں کچھ دن پہلے علاقے کے کچھ نوجوانوں نے ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا اور اس کی لاش کو ایک بند پڑے صحتی مرکز کے سامنے پھینک دیا تھا۔ اس سے پولیس کے حفاظتی انتظامات پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔نیامت پور کے علاوہ اگر ہم آسنسول کی بات کریں تو آسنسول میں بھی دو مجرم موٹر سائیکل پر آئے اور بھگت سنگھ موڑ پر واقع میرا انٹرنیشنل ہوٹل کے مالک اروند بھگت کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جو ہوٹل میں کچھ پراپرٹی ڈیلرز سے میٹنگ کر رہے تھے اور مجرم آسانی سے فرار ہو گئے۔
کلکتہ میں تین سنسنی خیز واقعات:
اس سے قبل تین روز قبل کولکتہ میں تین سنسنی خیز واقعات سامنے آئے ۔ جنوبی کولکتہ کے آنند پور علاقے میں تین افراد کی پراسرار طور پر موت ہو گئی۔ پہلے واقعے میں 'ایسٹرن میٹرو پولیٹن بائی پاس' کے قریب واقع ایک گیسٹ ہاؤس میں 'بار ڈانسر' بے ہوشی کی حالت میں پائی گئی اور اس کے ساتھ آنے والا شخص اسے نجی اسپتال لے گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے پیر کو مردہ قرار دے دیا۔
ایک اور واقعہ میں، آنند پور میں ایک پکنک اسپاٹ پر تقریباً 50 سال کے ایک شخص کی بوسیدہ لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ مقامی ماہی گیروں نے بدبو سونگھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ابتدائی طور پر خودکشی کا شبہ ہے تاہم تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جارہی ہے۔
تیسرے واقعہ میں نوناڈانگا علاقہ کے آدرش نگر میں ایک گھر سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ یہ علاقہ آنند پور پولیس اسٹیشن کے تحت آتا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے تاہم تفتیش جاری ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا تھا کہ آنند پور تھانہ علاقہ میں تینوں پراسرار موت کی اطلاع دی گئی ہے، اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔