• News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں وکشمیر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا یوم عاشورہ، عظیم شہداء کی قربانیوں کو کیاگیایاد

جموں وکشمیر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا یوم عاشورہ، عظیم شہداء کی قربانیوں کو کیاگیایاد

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 06, 2025 IST     

image
سری نگر میں دس محرم الحرام کا مرکزی جلوسِ عزا ۔مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد کیا گیا۔ ذوالجناح شریف کا یہ تاریخی جلوس صبح لال بازار کے بٹہ کدل علاقے سے برآمد ہوا۔ جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا زادیبل کے امام باڑہ میں پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔اس جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔ جنہوں نے کربلا کے عظیم شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے گہرے رنج و غم اور عقیدت کا اظہار کیا۔ ماتمی دستوں نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔جلوس کے دوران مقامی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔
 
 جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے  یوم عا شورہ کی مناسبت سے ذوالجناح کے جلوس میں شرکت کی۔ ایل جی منوج  سنہا ۔ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران اور پولیس نے بوٹا کدل جکے عزاداروں کے ساتھ جلوس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر
ایل جی نے عزاداروں میں پانی  اور دیگر اشیا تقسیم کئے۔
 
این سی  کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے  عاشورہ کے جلوس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسلمان اتحاد قائم نہیں کرتے اور شیطانی قوتوں کے ساتھ نہیں لڑتے تب تک دنیا میں امن کا قیام نہیں ہوگا۔  انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام بھی یہی ہے کہ انصاف کے لیے آواز بلند کرو ۔
 
 محرم الحرام  یوم  عا شورہ  کے موقع پر  زاڈیبل سری نگر  میں معروف عالم دین اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر مولوی عمران رضا انصاری نے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و انصاف کے لیے قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔
 
یوم  عا شورہ  کے  موقع پرضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے صدر مقام پر تنظیم المومنین کے بیا نر   تلے جلوس عزا برآمد کیا گیا۔ جس میں ضلع پونچھ کی مختلف انجمنوں کے ماتمی دستوں نے ماتم و نو حہ کر کے فرزند رسول امام۔حسین ؓکو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع  سیکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے ۔ 
 
یوم عاشورہ کے سلسلے میں ضلع پلوامہ کے کئی مقامات پر ماتمی جلوس نکالے گئے۔ سب سے بڑا جلوس ضلع پلوامہ کے گانگوہ علاقے سے نکالا گیا ۔جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔ جبکہ اس طرح کا ماتمی جلوس وکھروان اور پانیر جاگیر میں بھی  نکالا گیا۔حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت  پیش  کرتے ہوئے یوم عاشور عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
 
محرم الحرام کی تقریب کشتواڑ  کے مرکزی جامع مسجد میں منعقد ہوئی ۔جامع مسجد کے امام مولانا فاروق حسین کچلو نے حضرات امام حسین ؓ اورشہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
 
 کربلا کے معرکہ میں حضرت امام حسین ؓاور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی یاد میں کولگام کے دیوسر علاقے میں واقع ساہو سچن میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ہزاروں سوگواروں نے جلوس میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کولگام اطہر امیر خان۔سول اور پولیس حکام بشمول اے سی آر کولگام تحصیلدار۔ڈی وائی ایس پی ڈار۔اور ایس ایچ او دیوسر نے جلوس میں شرکت کی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
 
جنوبی کشمیر کے تاریخی قصبہ اننت ناگ کے مٹن میں آج مذہبی   ہم آہنگی اور اتحاد کی ایک قابلِ ستائش مثال دیکھنے کو ملی۔ دسویں محرم اور سکھوں کے اہم مذہبی دن  گرو ہر گوبند جی کے پرکاش پورب کے موقع پر، مقامی ہندو، مسلم اور سکھ برادریوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راہگیروں کے لیے مشترکہ طور پر پانی کی اسٹالز کا اہتمام کیا۔اس موقع پر مقامی سڑکوں کے کنارے جگہ جگہ ٹھنڈے پانی کی اسٹالز لگائی گئیں جہاں نوجوانوں سے لے کر بزرگوں تک سب نے اپنی خدمات پیش کیں۔
 
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ولرہامہ اور چھترگل کے علاقوں میں یوم عاشورہ کے موقع پر تعزیتی مجالس اور جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ ان تعزیتی مجالس میں امام حسین ؓکی شہادت کی یاد منانے والے ہزاروں عزادار شامل ہوئے۔ جلوس  گذرنے کے راستوں  پر پانی اور شربت کے اسٹالس لگائے گئے تھے ۔اور جلوس میں شامل لوگوں میں پانی اور شربت تقسیم کیا گیا ۔گاندربل میں بھی یوم  عا شورہ کے سلسلے  میں عزاداری کے جلوس برآمد ہوئے۔ جس میں  سینکڑوں کی تعداد  میں عزاداروں نے شر کت کی ۔