• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • ویبھو سوریاونشی کے ڈیبیو پر بی سی سی آئی کا پہلا ردعمل، سنجو سیمسن کی خراب فارم پر سوالات برقرار

ویبھو سوریاونشی کے ڈیبیو پر بی سی سی آئی کا پہلا ردعمل، سنجو سیمسن کی خراب فارم پر سوالات برقرار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 04, 2026 IST

ویبھو سوریاونشی کے ڈیبیو پر بی سی سی آئی کا پہلا ردعمل، سنجو سیمسن کی خراب فارم پر سوالات برقرار
ہندوستانی کرکٹ میں 15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی کے ٹیم انڈیا میں ڈیبیو کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ خاص طور پر وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن کی مسلسل خراب کارکردگی کے بعد شائقین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے ویبھو کو موقع دینے کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ اس معاملے پر جاری بحث کے درمیان بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی پہلی بار اپنا ردعمل سامنے رکھا ہے۔
 
ہندوستانی ٹیم، انگلینڈ کے دورے پر ہے۔ اس دورے کے دوران سنجو سیمسن اب تک تین اننگز میں صرف 6 رنز بنا سکے ہیں، جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ، کپتان اور کوچنگ اسٹاف کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود ٹیم انتظامیہ نے سنجو سیمسن اور اوپنر ابھیشیک شرما پر اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے۔
 
حال ہی میں بولنگ کوچ مورکل نے واضح کیا کہ ویبھو سوریاونشی کو مناسب وقت پر ضرور موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کی خراب فارم کے دوران اس کا اعتماد بحال رکھنا ٹیم مینجمنٹ کی ذمہ داری ہوتی ہے، اسی لیے جلد بازی میں فیصلے نہیں کیے جا سکتے۔
 
میڈیا رپورٹس مطابق بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ ویبھو سوریاونشی ایک غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل نوجوان کھلاڑی ہیں، جنہوں نے آئی پی ایل میں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم انتظامیہ پر ہونے والی تنقید سے واقف ہیں، تاہم پلیئنگ الیون کے انتخاب کا حتمی فیصلہ کپتان اور کوچ کی مشاورت سے کیا جاتا ہے، اور جب ٹیم کو مناسب محسوس ہوگا تو ویبھو کو ضرور موقع دیا جائے گا۔
 
دوسری جانب، سابق کپتان سنیل گواسکر اور کپل دیو سمیت کئی نامور سابق کرکٹرز بھی ویبھو سوریاونشی کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کی حمایت کر چکے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ نوجوان بلے باز اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر بین الاقوامی سطح پر خود کو ثابت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
 
ادھر سنجو سیمسن کی مسلسل ناکامیوں نے ان کی ٹیم میں جگہ کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ صرف ٹی20 ورلڈ کپ میں لگاتار تین نصف سنچریوں کی بنیاد پر زیادہ عرصے تک ٹیم میں اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ سکتے۔ اگر وہ جلد اپنی فارم بحال نہیں کرتے تو آنے والے میچوں میں ویبھو سوریاونشی کو ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔