پنجاب اسمبلی انتخابات2027 سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی اور شرومنی اکالی دل کے درمیان کیا اتحاد ہو سکتا ہے؟ بی جے پی لیڈر اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کے بیان کے بعد ایس اے ڈی لیڈر اور ایم پی ہرسمرت کور نے اب ردعمل دیا ہے۔ کور نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے سوال پر یہ شرط رکھی کہ بی جے پی-ایس اے ڈی اتحاد تبھی بن سکتا ہے جب پنجاب کے مسائل حل ہوجائیں۔
رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ انہوں نے کسانوں کے مفاد میں استعفیٰ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی جماعت ہیں جس نے پنجاب کے مفادات اور حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ پارٹی ہمیشہ پنجاب، پنجابیوں اور پنجابیت کے لیے کھڑی رہی ہے۔ امریندر سنگھ اور بی جے پی لیڈر سنیل جاکھڑ کا حوالہ دیتے ہوئے، کور نے کہا کہ یہ لیڈر زمینی حقیقت جانتے ہیں ایس اے ڈی کے بغیر، بی جے پی پنجاب میں کبھی الیکشن نہیں جیت سکتی۔ حالانکہ دہلی میں بیٹھے بی جے پی کے مشیر انہیں غلط مشورہ دیتے ہیں۔
کور نے دعویٰ کیا کہ اگر پنجاب میں ایس اے ڈی کے ساتھ اتحاد ہوتا ہے تو جو لوگ فی الحال ذاتی فائدے کے لیے بی جے پی کے ساتھ ہیں ان کی دکانیں بند ہو جائیں گی۔ واضح رہے کہ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ایس اے ڈی اور بی جے پی کے درمیان 2032 تک اتحاد کا امکان نہیں ہے۔ اس تناظر میں کور نے کہا کہ وہ بالکل درست ہیں۔ 2032 تک اتحاد کا امکان نہیں ہے۔ تاہم اگر پنجاب کے مسائل کو سمجھ کر حل کر لیا جائے تو اتحاد بن سکتا ہے۔
میڈیا کے ساتھ بات کر تے ہو ئے سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ان کی وزارتی مدت میں چار سال باقی رہے۔ لوگ سرپنچ کا عہدہ بھی نہیں چھوڑیں گے، لیکن انہوں نے کسانوں کے مفاد کے لیے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاہے ان کی پارٹی کبھی اقتدار میں نہ آئے، وہ ہمیشہ پنجاب اور پنجابیوں کے حقوق کی وکالت کریں گے۔