اتوارکو بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی۔ رادھا کرشنن کو نائب صدرکے انتخاب کے لیے پارٹی کاامیدوار بنایاہے۔ یہ نام بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کے بعد سامنے آیا۔جسے وزیر اعظم نریندرمودی اور مرکزی وزیر امیت شاہ نے منظوری دی ۔
سی پی رادھا کرشنن (چندر پورم پونوسوامی رادھا کرشنن) نے 31 جولائی 2024 کو مہاراشٹر کے گورنر کا عہدہ سنبھالا۔ مہاراشٹر راج بھون کی ویب سائٹ کے مطابق، مہاراشٹر سے پہلے، سی پی رادھا کرشنن نے جھارکھنڈ کے گورنر کے طورپرخدمات انجام دیں۔ سال 2023 میں جھارکھنڈ کے گورنر مقرر ہونے کے پہلے چار مہینوں کے اندر، سی پی رادھا کرشنن نے ریاست کے تمام 24 اضلاع کا سفر کیا اور شہریوں اور ضلعی عہدیداروں سے بات چیت کی۔
وہ بی جے پی کے ریاستی صدر رہ چکے ہیں۔
جھارکھنڈ کے گورنر بننے سے پہلے، انہوں نے 2004 سے 2007 تک تمل ناڈو میں بی جے پی کے ریاستی صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2004 اور 2007 کے درمیان تمل ناڈو بی جے پی کے صدر کے طورپر اپنی خدمات کے دوران، سی پی رادھا کرشنن نے 19,000 کلومیٹر کی 'رتھ یاترا' نکالی جو 93 دنوں تک جاری رہی۔
یہ یاترا ہندوستانی دریاؤں کو جوڑنے، دہشت گردی کے خاتمے، یکساں سول کوڈ کے نفاذ، اچھوت کا خاتمہ اور منشیات کی لعنت سے نمٹنے جیسے مطالبات پر زور دینے کے لیے نکالی کی گئی تھی۔ انہوں نے کئی مسائل پر دو اور پد یاترا کی بھی قیادت کی۔ شری رادھا کرشنن تمل ناڈو کی سیاست اور عوامی زندگی میں ایک قابل احترام نام ہیں۔
سی پی رادھا کرشنن کا تعلق بھی آر ایس ایس سے ہے۔
1996 میں سی پی رادھا کرشنن کو تمل ناڈو بی جے پی کا سکریٹری مقرر کیا گیا۔ 1998 میں، وہ کوئمبٹور سے پہلی بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ 1999 میں وہ دوبارہ لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔رادھا کرشنن، تروپور، تمل ناڈو میں پیدا ہوئے، مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ یعنی آرایس ایس کے رکن رہ چکے ہیں اور 1974 میں بھارتیہ جن سنگھ کے ریاستی ایگزیکٹو کے رکن بھی تھے۔
ویب سائٹ کے مطابق اپنے سیاسی سفر کے علاوہ سی پی رادھا کرشنن نے کھیلوں کی دنیا میں بھی نام کمایاہے۔ رادھاکرشنن ٹیبل ٹینس میں کالج چیمپیئن اور لمبی دوری کا رنر تھے۔ انہیں کرکٹ اور والی بال کا بھی شوق ہے۔ سی پی رادھا کرشنن اسٹاک ایکسچینج گھوٹالے کی تحقیقات کرنے والی پارلیمانی خصوصی کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
یادرہے کہ پارٹی امیدوار کے بارے میں قیاس آرائیوں کے درمیان الیکشن کمیشن نے اعلان کیاتھاکہ نائب صدرکے عہدے کے لیےانتخابات 9ستمبرکو ہوں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21 اگست ہے اور کاغذات کی جانچ پڑتال 22 اگست کو ہوگی۔