Friday, October 10, 2025 | 18, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کے خلاف بی آر ایس کا چلو بس بھون احتجاج،پولیس اور بی آر ایس کارکنوں میں ہاتھاپائی

آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کے خلاف بی آر ایس کا چلو بس بھون احتجاج،پولیس اور بی آر ایس کارکنوں میں ہاتھاپائی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 09, 2025 IST

آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کے خلاف بی آر ایس کا چلو بس بھون احتجاج،پولیس اور بی آر ایس کارکنوں میں ہاتھاپائی
بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر کے ٹی آر نے آر ٹی سی بس کے ذریعہ بس بھون تک کا سفر کیا۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کے ٹی آر نے کہاکہ حکومت غریب عوام پر زبردستی مالی بوجھ عائد کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کے فیصلہ کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ سابق وزیر نے بی آر ایس قائدین اور ارکان اسمبلی کو گھرپر نظربند کرنے کے خلاف بھی پولیس اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ 
 
سابق وزیر اور ایم ایل اے ہریش راو بھی مہدی پٹنم سے بس کے ذریعے بس بھون کیلئے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر ہریش راو نے  بس اسٹانڈ پر عوام سے ملاقات کی اور بس کرایوں میں اضافہ کے تعلق سے بات چیت کی۔ ہریش راو نے بس میں سفر کے دوران مسافروں سے بات کرتے ہوئے حکومت کے فیصلہ کو غلط قرار دیا۔ سابق وزیر نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے جبکہ دوسری طرف وہ غریب لوگوں پر بس کرایوں میں اضافہ کے ذریعہ مالی بوجھ عائد کررہی ہے۔  ہریش راو نے حکومت سے بس کرایوں میں اضافہ کے فیصلہ کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ 

 سیکوریٹی کے سخت انتظامات:
 
بی آر ایس کے بس کرایوں میں اضافہ کے خلاف چلو بس بھون احتجاج کے پیش نظر بس بھون کے اطراف سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔  بی آر ایس نے اعلان کیاہے کہ وہ بس ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف آج آر ٹی سی ایم ڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اضافہ کرایوں سے دستبرداری کا مطالبہ کریں گے تاہم حکومت نے بس بھون کے اطراف بھاری تعداد میں سیکوریٹی جوانوں کو تعینات کردیا  اور کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس دوران بی آر ایس ایم ایل اے کالیرو وینکٹیش بس بھون پہنچے ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے با ت کرتے ہوئے کہاکہ بس کرایوں میں اضافہ غریب عوام پر مالی بوجھ ہے جسے فوری طورپر واپس لیاجانا چاہئے۔  

حکومت کے فیصلہ کو شدید تنقید کا نشانہ:
 
بی آر ایس رکن اسمبلی اور سابق وزیر ٹی سرینواس یادو نے بس ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق حکومت کے فیصلہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ سرینواس یادو نے کہاکہ آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ سے عام لوگ خاص طورپر متوسط طبقہ کے لوگوں کو پریشانی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت خواتین کو آر ٹی سی بس میں مفت سفر کی سہولت دے رہی ہے تاہم انہی خواتین کے مرد رشتہ داروں سے دس روپے اضافہ کرایہ وصول کیاجا رہا ہے جو عوام کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ سابق وزیر نے کہاکہ تلنگانہ میں اس وقت رئیل اسٹیٹ کاروبار پوری طرح ٹھپ ہوچکاہے جس کی وجہ سے لوگوں کے پاس پیسے نہیں ہے۔ سرینواس یادو نے جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے بارے میں کہاکہ یہاں سے بی آر ایس کی جیت یقینی ہے۔ 
 
ادھر دوسری جانب حیدرآباد میں اپل کے ایم ایل اے لکشماریڈی کو گھرپر نظربند کردیاگیا۔ لکشما ریڈی کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں پولیس جوانوں کو تعینات کردیاگیاہے۔ لکشما ریڈی نے کہاکہ حکومت جمہوری انداز میں احتجاج کی بھی اجاز ت نہیں دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بس کرایوں میں اضافہ غریب عوام پر زبردست حملہ اور اس کے خلاف اپوزیشن کو احتجاج کی اجازت نہ دینا اس سے بڑا حملہ ہے۔