Thursday, March 12, 2026 | 22 رمضان 1447
  • News
  • »
  • فلمیں/ طرززندگی
  • »
  • ہریانہ میں گلوکار بادشاہ کے حالیہ گانے "تاتیری" پر تنازعہ جاری

ہریانہ میں گلوکار بادشاہ کے حالیہ گانے "تاتیری" پر تنازعہ جاری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Mar 12, 2026 IST

ہریانہ میں گلوکار بادشاہ کے حالیہ گانے "تاتیری" پر تنازعہ جاری
ہریانہ میں گلوکار بادشاہ کے حالیہ گانے "تاتیری" کو لے کر تنازعہ بدستور جاری ہے۔ سرسا میں واقعہ کی شکایت کرنے والی پہلی شخص سویتا آریہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے گانے کے بارے میں سنگین سوالات اٹھائے۔
 
آریہ نے بتایا کہ ویڈیو میں گاؤں کی نابالغ لڑکیوں کو اسکول کے بیگ پھینکتے ہوئے رقص کرتے دکھایا گیا ہے، جسے وہ انتہائی قابل اعتراض قرار دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو میں جند ڈپو کی بس اور ہریانہ کے ایک اسکول کو بھی بغیر اجازت دکھایا گیا ہے۔ سویتا آریہ نے گانے کو دیکھ کر اپنی ناراضگی ظاہر کی اور حکومت اور خواتین کمیشن میں شکایت درج کرائی۔
 
دوسری جانب، گلوکار بادشاہ نے اپنے گانے "تاتیری" پر معافی مانگ لی ہے۔ مبینہ طور پر اس گانے میں خواتین اور نابالغوں کے بارے میں اشتعال انگیز مواد شامل تھا۔ تاہم، اس معاملے میں بادشاہ کی مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئیں۔ ہریانہ ویمن کمیشن نے بادشاہ کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے 13 مارچ کو طلب کیا ہے تاکہ معاملے کی مزید تحقیقات کی جا سکیں۔
 
ہریانہ ریاستی خواتین کمیشن نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بادشاہ کو سمن جاری کیا اور ان کے خلاف پنچکولہ سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ویڈیو کو یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا جبکہ پولیس نے لاک آؤٹ سرکلر جاری کرنے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔
 
وزیر تعلیم کی سخت ہدایات
 
ہریانہ کے وزیر تعلیم مہیپال ڈھنڈا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ان کے نوٹس میں آیا کہ سرکاری اسکول کی وردی کا استعمال کرتے ہوئے اور خواتین کے خلاف توہین آمیز الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے یہ گانا جاری کیا گیا، حکومت نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کی۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے نتیجے میں گانے میں دکھائی گئی روڈ ویز بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔