Wednesday, February 11, 2026 | 23, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • اتر پردیش: اورائی تھانہ علاقے میں زمین کے تنازع پر فائرنگ، نوجوان کی موت

اتر پردیش: اورائی تھانہ علاقے میں زمین کے تنازع پر فائرنگ، نوجوان کی موت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 11, 2026 IST

اتر پردیش: اورائی تھانہ علاقے میں زمین کے تنازع پر فائرنگ، نوجوان کی موت
اترپردیش کے ضلع بھدوہی کے اورائی تھانہ علاقے میں منگل کی صبح زمین کے تنازع پر فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی، جس کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے حالات کو قابو میں کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے لائسنس یافتہ ریوالور برآمد کر لی اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ ایک مرکزی ملزم فرار بتایا جا رہا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیمنیو نے کہا کہ موقع پر ایڈیشنل ایس پی اور سرکل آفیسر سمیت تین تھانوں کی بھاری پولیس فورس تعینات کر کے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
 
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں تیز فائرنگ دیکھی جا سکتی ہے۔ اس واقعے نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال پر بھی سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ پولیس کے مطابق جلد ہی تمام ملزمان کو گرفتار کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔
 
کیا ہے پورا معاملہ؟
 
معلومات کے مطابق یہ واقعہ اورائی تھانہ علاقے کے گاؤں کا ہے، جہاں آشییش یادو اور برجیش یادو کے درمیان تقریباً 7 ایکڑ زمین کو لے کر طویل عرصے سے تنازع چل رہا تھا۔ منگل کی صبح تقریباً 10 بجے دونوں فریقوں کے درمیان کہاسنی شروع ہوئی جو مارپیٹ میں بدل گئی۔
 
بتایا جاتا ہے کہ تنازع اتنا بڑھ گیا کہ ایک فریق نے اپنے لائسنس یافتہ ریوالور سے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس میں آشییش یادو کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے زخمیوں کو قریبی اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک شخص کو مردہ قرار دے دیا جبکہ دیگر شدید زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
 
ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ مذکورہ زمین کا معاملہ دیوانی عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس کے باوجود تعمیراتی کام کو لے کر تنازع ہوا اور ایک فریق نے فائرنگ کر دی۔ برجیش کمار یادو نے لائسنس یافتہ ریوالور سے گولی چلائی، جس سے تقریباً 28 سالہ آشییش یادو کی موت ہو گئی جبکہ اکھلیش یادو زخمی ہو گئے۔ دو دیگر افراد کو لاٹھی ڈنڈوں سے چوٹیں آئیں، تاہم ان کی حالت پہلے سے بہتر بتائی جا رہی ہے۔
 
ریوالور ضبط، پولیس کارروائی جاری
 
بھدوہی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیمنیو  نے کہا کہ واقعے میں استعمال ہونے والی لائسنس یافتہ ریوالور ضبط کر لی گئی ہے اور تین افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ متاثرہ فریق کی تحریر کی بنیاد پر قتل اور آرمس ایکٹ کے تحت بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) کی متعلقہ دفعات میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
 
انہوں نے بتایا کہ گاؤں میں کشیدگی کے پیشِ نظر اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق فی الحال علاقے میں امن و امان کی صورتحال معمول پر ہے اور معاملے کی تیزی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ موقع پر پولیس افسران کی قیادت میں فارنزک ٹیم اور فیلڈ یونٹ بھی تشکیل دی گئی ہے، جو جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے شواہد اکٹھا کرے گی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تمام شواہد کی بنیاد پر سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔