مہاراشٹر کے شہر بھیونڈی میں جمعرات کی رات شدید بارش کے دوران ایک چار منزلہ عمارت کا حصہ گر گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملبے تلے متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ این ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ، پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
8 سے 10 افراد کے پھنسنے کا خدشہ
ابتدائی معلومات کے مطابق ملبے تلے 8 سے 10 افراد دبے ہو سکتے ہیں۔ بھیونڈی ویسٹ کے ایم ایل اے مہیش چوگولے نے بتایا کہ گراؤنڈ فلور پر مرمت کا کام کرنے والے تقریباً 6 سے 7 مزدور ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو ٹیمیں انہیں بحفاظت نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
این ڈی آر ایف نے خاتون کو زندہ نکال لیا
ریسکیو آپریشن کے دوران این ڈی آر ایف نے ملبے سے ایک خاتون کو بحفاظت زندہ نکال لیا، جسے فوری طور پر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عمارت پہلے ہی خطرناک قرار دی جا چکی تھی
یہ حادثہ نارپولی کے بھنڈاری کمپاؤنڈ میں واقع کوہ نور بلڈنگ میں پیش آیا۔ ایم ایل اے مہیش چوگولے کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے اس عمارت کو پہلے ہی کیٹیگری سی یعنی انتہائی خستہ حال اور خطرناک قرار دے کر خالی کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ زیادہ تر خاندان عمارت چھوڑ چکے تھے، ایک خاندان وہاں موجود تھا اور گراؤنڈ فلور پر کچھ مزدور مرمت کا کام کر رہے تھے۔ اسی دوران عمارت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا۔
حفاظتی انتظامات پر سوالات
حادثے کے بعد کئی اہم سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اگر عمارت کو پہلے ہی خطرناک قرار دے کر خالی کرا دیا گیا تھا تو اندر مرمت کا کام کس کی اجازت سے ہو رہا تھا؟ چار سرکاری حفاظتی نوٹس جاری ہونے کے باوجود مزدوروں کو عمارت میں داخل ہونے کی اجازت کیوں دی گئی؟ اور اس بات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری کس کی تھی کہ عمارت مکمل طور پر خالی رہے؟
ریسکیو آپریشن جاری
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے جائے وقوعہ کے اطراف حفاظتی حصار قائم کر دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور امدادی کاروائیوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ فی الحال زخمیوں یا ہلاکتوں کی سرکاری تعداد جاری نہیں کی گئی۔ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے اور مزید معلومات سامنے آنے پر حکام کی جانب سے اپ ڈیٹ جاری کی جائے گی۔