ملک بھر میں گیارہواں عالمی یوگا ڈے کا جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ہندوستان کے بشمول دنیا بھر کے 200 ممالک میں آج یوگا ڈے منایا جارہاہے۔ ثقافت کی مرکزی وزارت کی جانب سے ملک کے مختلف مقامات پر یوگا ڈے منانے کے انتظامات کئے گئے جس میں ملک کے 100 مشہور مقامات اور 50 ثقافتی مقامات شامل ہیں۔ یہ وشاکھاپٹنم میں وزیراعظم نریندر مودی کے بطور مہمان خصوصی ہونے والے مرکزی پروگرام کے علاوہ ہیں۔ کرناٹک میں ہمپی، مدھیہ پردیش میں کھجوراہو، اڈیشہ میں کونارک مندر، پنجاب میں جلیانوالہ باغ اور تمل ناڈو میں برہدیشور مندر سمیت مختلف مقامات اس فہرست میں شامل ہیں۔ حیدرآباد کے گولکنڈہ اور سالارجنگ میوزیم جیسے تاریخی مقامات پر بھی یوگا ڈے منایا جارہاہے۔
اے پی کے وشاکھاپٹنم میں یوگا کا سب سے بڑا پروگرام:
آندھراپردیش کی چندرابابو نائیڈو حکومت کی جانب سے وشاکھا پٹنم میں بڑے پیمانہ پر یوگا ڈے کا انعقاد عمل میں لایاگیا۔ اس پروگرام میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی نے اس یوگا پروگرام میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کی۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو۔ ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کے علاوہ ریاست کے کئی وزرا۔ عوامی نمائندوں اور دیگر نے بھی اس پروگرام میں جوش وخروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے یوگا آندھراپروگرام منعقد کرنے پر اے پی حکومت کی ستائش کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ یوگا آندھرامہم سے عام لوگوں کا جڑنا وکست بھارت کی شاندار مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج پوری دنیا یوگا کو تسلیم کرچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یوگا صحت مند زندگی کیلئے بہت ضروری ہے۔
آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے بھی عالمی یوگا ڈے کے موقع پر وشاکھاپٹنم میں منعقدہ پروگرام میں شرکت اور خطاب کیا۔ اس موقع پر چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ دنیا بھر میں جو آج ہمارے ساتھ شامل ہوئے میں آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ وشاکھاپٹنم کے خوبصورت شہر کو گیارہویں بین الاقوامی یوم یوگا ڈے کے زبردست موقع پر تاریخ رقم کرنے کیلئے بھی میں سب کو مبارکباد دیتاہوں۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کر تاہوں کہ انہوں نے یوگا کو دنیا بھر میں مقبول بنایا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ یوگا کو قومیت، علاقائی مذہب اور زبان سے قطع نظر کوئی بھی شخص قبول کرتا ہے۔ جسم، دماغ اور روح کے اتحاد میں یوگا کے نتائج شاندار رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ جسمانی صحت، دماغی صحت، تناؤ کے انتظام، استثنیٰ کو بڑھانے، خود اعتمادی کو بڑھانے اور مجموعی صحت کیلئے بہت فائدہ مند ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ ہمیں اس تقریب کی میزبانی کا موقع فراہم کرنے کیلئے میں وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔