پٹنہ: بہار کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی کے تحت وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی کابینہ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں 32 نئے وزراء نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ اس تقریب کی خاص بات وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی رہی۔
کابینہ کی نئی صورتحال اور پارٹیوں کی نمائندگی:
نئی کابینہ میں این ڈی اے (NDA) کی تمام حلیف جماعتوں کو جگہ دی گئی ہے۔اور وزراء کی تقسیم کچھ اس طور پر ہے کہ:بی جے پی کے پاس وزیر اعلیٰ سمیت 16 وزارتی قلمدان،جے ڈی یو کے پاس 2 نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے اور 13 وزارتی قلمدان (ان میں نتیش کمار کے بیٹے نشانت کماربھی شامل)۔ایل جے پی (آر) کے پاس 2 وزارتی قلمدان،ہندوستانی عوام مورچہ اور راشٹریہ لوک مورچہ کے پاس ایک ایک وزارتی قلمدان۔
کابینہ میں نوجوان اور نئے چہروں کو ترجیح :
سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار پہلی بار وزیر بنے ہیں، جو جے ڈی یو کے کوٹے سے شامل ہوئے ہیں۔ ان کے علاوہ بولو منڈل اور شویتا گپتا بھی پہلی بار وزیر بنے ہیں۔میتھلیش تیواری، رام چندر پاسوان، ارون شنکر پرساد، نند کشور رام اور انجینئر شیلیندر پہلی بار کابینہ کا حصہ بنے ہیں۔نئی کابینہ میں مجموعی طور پر 5 خواتین کو وزیر بنایا گیا ہے، جن میں بی جے پی کی مشہور نشانے باز شرے سی سنگھ بھی شامل ہیں۔
مرکزی قیادت کی موجودگی
تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ وزیر اعظم کی شرکت کو بہار میں این ڈی اے کے اتحاد کو مضبوط کرنے اور آنے والے چیلنجز کے لیے ایک واضح پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اس توسیع کے ساتھ ہی بہار حکومت میں اب علاقائی اور سماجی مساوات کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ ریاست کی ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے۔