Thursday, May 21, 2026 | 03 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بہار انکاؤنٹر معاملہ: تیجسوی کے الزامات پر للن سنگھ کا جواب، مجرم اب آزاد نہیں گھوم سکتے

بہار انکاؤنٹر معاملہ: تیجسوی کے الزامات پر للن سنگھ کا جواب، مجرم اب آزاد نہیں گھوم سکتے

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: May 20, 2026 IST

بہار انکاؤنٹر معاملہ: تیجسوی کے الزامات پر للن سنگھ کا جواب، مجرم اب آزاد نہیں گھوم سکتے
بہارمیں حالیہ انکاؤنٹرواقعات کو لے کر سیاسی ماحول گرم ہوگیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کی جانب سے ایک مخصوص ذات کو نشانہ بنانے کے الزام کے بعد مرکزی وزیر للن سنگھ نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں اب مجرموں کیلئے آزادانہ گھومنا ممکن نہیں رہا اور قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔
 
 للن سنگھ نے بہار پولیس کی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ چاہے ان واقعات کو مکمل انکاؤنٹر کہا جائے یا “آدھا انکاؤنٹر”، اصل بات یہ ہے کہ ریاست میں جرائم کے خلاف سخت کارروائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی جرم کرے گا تو اسے سزا ضرور ملے گی۔
 
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہار پولیس ہر واقعہ کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کر رہی ہے۔ بعض مواقع پر جب مجرم پولیس پر حملہ کرتے ہیں تو پولیس کو اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کرنا پڑتی ہے۔ للن سنگھ نے کہا کہ صرف مجرموں کیلئے ہمدردی ظاہر کرنے کے بجائے ان بے قصور لوگوں کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے جو جرائم کا شکار ہوتے ہیں۔
 
تیجسوی یادو کی جانب سے خواتین کے خلاف جرائم کے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے پر بھی للن سنگھ نے ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ “مگرمچھ کے آنسو بہانے” سے کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ عوام پہلے بھی ایسے سیاسی بیانات کا جواب دے چکے ہیں۔
 
جے ڈی یو لیڈر نے کہا کہ نتیش کمار کی قیادت میں شروع کیا گیا “گڈ گورننس” اور مضبوط پولیسنگ کا ماڈل اب سمراٹ چودھری کی قیادت میں مزید آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت ہر واقعہ میں ملزمین کی گرفتاری اور سخت کارروائی یقینی بنا رہی ہے۔
 
 
پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر تیجسوی یادو کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے جے ڈی یو ترجمان راجیو رنجن پرساد  نے کہا کہ عالمی حالات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق مغربی ایشیا میں جاری بحران کے باعث امریکہ اور یورپ سمیت کئی ممالک معاشی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے طویل عرصے تک عوام کو اس بوجھ سے بچانے کی کوشش کی ہے۔