منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج "Brain Stroke: Causes, Risks and Prevention" کے موضوع پر خصوصی گفتگو پیش کی گئی۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر سومیہ ریڈی پرنے، کنسلٹنٹ نیورولوجسٹ، نے برین اسٹروک(فالج ) کی وجوہات، خطرے کے عوامل، ابتدائی علامات، جدید علاج اور مؤثر احتیاطی تدابیر پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
برین اسٹروک ایک میڈیکل ایمرجنسی
ڈاکٹر سومیہ ریڈی پرنے نے بتایا کہ برین اسٹروک ایک طبی ایمرجنسی ہے، جو اس وقت پیش آتی ہے جب دماغ کے کسی حصے کو خون کی فراہمی رک جائے یا دماغ کی خون کی شریان پھٹ جائے۔ ایسی صورت میں دماغی خلیات کو آکسیجن اور غذائیت کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، جس کے باعث چند ہی منٹوں میں مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسٹروک کی صورت میں ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے اور بروقت اسپتال پہنچنا مریض کی جان بچانے اور معذوری کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
برین اسٹروک کی دو بڑی اقسام
انہوں نے وضاحت کی کہ برین اسٹروک کی دو بڑی اقسام ہیں۔ اسکیمک اسٹروک (Ischemic Stroke)، جو دماغ کی شریان میں خون کا لوتھڑا بننے سے ہوتا ہے اور یہ سب سے عام قسم ہے، جبکہ ہیموریجک اسٹروک (Hemorrhagic Stroke) دماغ کی شریان پھٹنے سے ہوتا ہے، جو زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
خطرے کےعوامل کیا ہیں
خطرے کے عوامل پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نے بتایا کہ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول کی زیادتی، دل کی بیماریاں، تمباکو نوشی، موٹاپا، جسمانی سرگرمی کی کمی، غیر متوازن غذا، ذہنی دباؤ اور ضرورت سے زیادہ الکحل کا استعمال اسٹروک کے امکانات میں نمایاں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی طبی تاریخ ( میڈیکل ہسٹری )رکھنے والے افراد کو بھی اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے۔
اسٹروک کی ابتدائی علامات کیلئےFAST اصول
ڈاکٹر سومیہ ریڈی پرنے نے اسٹروک کی ابتدائی علامات کی فوری شناخت کے لیے FAST اصول پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ F (Face): چہرے کا ایک طرف جھک جانا، A (Arm): ایک بازو میں کمزوری یا سن ہونا، S (Speech): بولنے میں دشواری یا الفاظ واضح نہ ہونا، اور T (Time): ایسی علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر ایمرجنسی طبی امداد حاصل کرنا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت علاج سے کئی مریض مکمل یا جزوی طور پر صحت یاب ہو سکتے ہیں۔
جدید تکنیکوں کے ذریعے کامیاب علاج
انہوں نے مزید بتایا کہ جدید نیورولوجی میں دماغی شریان میں بننے والے لوتھڑے کو تحلیل کرنے والی ادویات (Thrombolysis) اور بعض مریضوں میں Mechanical Thrombectomy جیسی جدید تکنیکوں کے ذریعے کامیاب علاج ممکن ہے، بشرطیکہ مریض مقررہ وقت کے اندر اسپتال پہنچ جائے۔
احتیاطی اقدامات اور ڈاکٹر کا مشورہ
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر نے ناظرین کو مشورہ دیا کہ بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کو قابو میں رکھیں، تمباکو نوشی سے مکمل پرہیز کریں، متوازن غذا اپنائیں، روزانہ ورزش کریں اور کسی بھی مشتبہ علامت کو نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص، فوری علاج اور صحت مند طرزِ زندگی ہی برین اسٹروک سے بچاؤ اور بہتر معیارِ زندگی کی ضمانت ہیں۔
قارئین آپ نیورولوجسٹ ڈاکٹر سومیہ ریڈی پرنے کی یہ ویڈیو یہاں دیکھ سکتےہیں۔ اور ساتھ ہی صحت سے متعلق دیگر امراض پر ماہرین کے بے شمار ویڈیوز منصف ٹی وی ہیلتھ پر دیکھ سکتےہیں۔