منصف ٹی وی کے ہیلتھ پروگرام ۔، ہیلتھ اور ہم ،میں ایک نہایت اہم، حساس اور جذباتی موضوع پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں حمل کے دوران بچوں میں پیدائشی دل کی بیماری یعنی کنجینیٹل ہارٹ ڈیزیز (CHD) پر روشنی ڈالی گئی۔ اس پروگرام میں ماہرِ امراضِ قلب اطفال ڈاکٹر شویتا نتھانی (رینبو چلڈرن ہارٹ انسٹی ٹیوٹ) بطور مہمان شامل ہوئیں۔
پیدائش سے پہلے ہی دل کی بیماری
سینئرکنسلٹنٹ، پیڈیاٹرک کارڈیالوجی ڈاکٹر شویتا نے بتایا کہ CHD ایسی دل کی بیماری ہے جو بچے کو پیدائش سے پہلے ہی لاحق ہو جاتی ہے۔ اس میں دل کے سوراخ، خون کی نالیوں میں رکاوٹ، یا دل کی ساخت میں خرابی شامل ہو سکتی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ بیماری عام ہے اور ہر 100 میں سے تقریباً ایک بچہ اس سے متاثر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمل کے دوسرے مرحلے یعنی 18 سے 24 ہفتوں کے درمیان الٹراساؤنڈ اور فیٹل ایکو کے ذریعے اس بیماری کی تشخیص ممکن ہے۔
بچے کا علاج ماں کےپیٹ میں ہی ممکن
ماہر ڈاکٹر کے مطابق بعض کیسز میں بچے کا علاج ماں کے پیٹ میں ہی ممکن ہوتا ہے، خاص طور پر جب دل کی بڑی نالیوں میں رکاوٹ ہو یا دل کی دھڑکن غیر معمولی حد تک کم یا زیادہ ہو۔ ایسے علاج جدید ٹیکنالوجی، ماہر ڈاکٹروں اور خصوصی مراکز میں ممکن ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت اس شعبے میں دنیا کے چند سرِفہرست ممالک میں شامل ہے اور یہاں کم لاگت میں عالمی معیار کا علاج دستیاب ہے۔
بروقت تشخیص اور مناسب علاج سے بچے نارمل زندگی گزار سکتے ہیں
ڈاکٹر شویتا نے واضح کیا کہ CHD کا مطلب یہ نہیں کہ بچہ ذہنی یا جسمانی طور پر کمزور ہوگا۔ اگر بروقت تشخیص اور مناسب علاج ہو جائے تو یہ بچے بالکل عام بچوں کی طرح اسکول جا سکتے ہیں، کھیل سکتے ہیں اور کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں۔ پروگرام میں کئی ایسے بچوں کی مثالیں بھی دی گئیں جن کا بروقت علاج ہوا اور آج وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
عوام میں غلط ثاثر
انہوں نے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا کہ CHD صرف ماں کی غلطی یا خوراک کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اگرچہ متوازن غذا، الکحل اور سگریٹ نوشی سے پرہیز بے حد ضروری ہے، لیکن کئی کیسز جینیاتی یا قدرتی نشوونما کے مسائل کی وجہ سے بھی ہوتے ہیں، جو کسی کے اختیار میں نہیں ہوتے۔
CHD کوئی لاعلاج بیماری نہیں
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر شویتا نے ایک متاثرکن کیس شیئر کیا، جس میں ایک بچے کا علاج ماں کے پیٹ میں کیا گیا تھا اور آج وہ دس سال کا ہو کر نارمل زندگی گزار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ CHD کوئی لاعلاج بیماری نہیں، بلکہ جدید طب کی مدد سے اسے شکست دی جا سکتی ہے۔یہ پروگرام والدین کے لیے ایک مضبوط پیغام تھا کہ خوف کے بجائے علم، تشخیص اور علاج پر بھروسہ کریں، کیونکہ بروقت قدم اٹھانے سے ایک بچے کی پوری زندگی محفوظ بنائی جا سکتی ہے۔
اس انٹرویو پرمبنی مکمل ویڈیو آپ منصف ٹی وی پر دیکھ سکتےہیں