آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ نارا چندرابابو نائیڈو نے ریاست میں غربت کے خاتمے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے ۔انہوں نے پوورٹی فری آندھرا پردیش اسکیم کے تحت اپنے حلقہ کُوپّم کے 250 خاندانوں کو گود لینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے یہ اعلان سیکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے دوران کیا ۔جہاں انہوں نے ،۔آئی ایم اے مارگا درسی ،۔کے عنوان سے جاری مہم کا پوسٹر بھی جاری کیا۔
نائیڈو نے کہا،کہ میں اس اچھے کاز میں شامل ہونے کی صرف عوام سے اپیل نہیں کر رہا، بلکہ خود ایک مثال قائم کر رہا ہوں۔وزیراعلیٰ نے بیرون ملک مقیم ریاست کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھی اس فلاحی مہم میں رہنما بن کر غریب خاندانوں کی سرپرستی کریں۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ 15 اگست تک کم از کم 15 لاکھ خاندانوں کو گود لینے کا ہدف حاصل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پروگرام صرف حکومت تک محدود نہیں بلکہ اسے عوامی تحریک میں بدلنا ہوگا تاکہ ریاست کے غریب ترین طبقے کو ترقی کی راہ پر لایا جا سکے۔انہوں نے ضلع کلکٹروں کو بھی ہدایت دی کہ وہ کارپوریٹ اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کریں تاکہ اس مہم میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
نارا چندرابابو نائیڈو نے کہا، "میں ان 250 خاندانوں کی ترقی کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں جنہیں میں نے گود لیا ہے۔ ہم ان کی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر رہے ہیں۔" انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے خاندان کے افراد بھی ان کے شانہ بشانہ اس انسداد غربت مشن میں حصہ لیں گے۔انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں، گاؤں 'جنم بھومی' پہل کے جذبے کے تحت تیار کیے گئے تھے، اور اسی طرح، موجودہ P4 پروگرام کو اسی تحریک کے ساتھ غریب خاندانوں کی مدد کے لیے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ نارا چندرابابو نائیڈو نے مزید کہا کہ پسماندہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کا یہ اقدام ایک مسلسل عمل ہوگا اور اسے ایک ایسے ماڈل کے طور پر تیار کیا جائے گا جو پوری قوم کے لیے ایک مثال قائم کرے۔