کیرالہ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس امیدوار چنڈی اومین نے پوتھوپلی حلقے میں سیاہ لباس پہن کر ووٹ ڈالا، جسے انہوں نے ایک علامتی احتجاج قرار دیا۔ وہ صبح تقریباً 10:30 بجے اپنی والدہ اور بہن کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن پہنچے اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
یہ انتخاب خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ 2023 میں سابق وزیر اعلیٰ اومین چنڈی کے انتقال کے بعد یہ پہلا بڑا انتخابی مرحلہ ہے۔ چنڈی اومن، جو پہلے ضمنی انتخاب جیت چکے ہیں، اب ایک بار پھر (یو ڈی ایف) کے مضبوط گڑھ کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، جہاں ان کا مقابلہ ایل ڈی ایف اور این ڈی اے اتحاد سے ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چنڈی اومن نے کہا کہ ان کا سیاہ لباس کئی مسائل کے خلاف احتجاج کی علامت ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے والد کو نو برس تک سیاسی طور پر ہراساں کیا گیا، خاص طور پر سولر کیس کے حوالے سے، جس میں بعد ازاں تحقیقات کے بعد انہیں کلین چٹ مل گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ملوث افراد کو تحفظ فراہم کیا گیا، جو اب تک جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوتھوپلی حلقہ ترقیاتی کاموں میں پیچھے رہ گیا ہے۔ ان کے مطابق کئی اہم منصوبے، جن میں ایک ہسپتال، پل اور منی سول اسٹیشن شامل ہیں، اب تک مکمل نہیں ہو سکے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فنڈز کی کمی اور حکومتی عدم توجہی کے باعث علاقے کی ترقی متاثر ہوئی ہے۔
چنڈی اومن نے سبریمالا سونے کے نقصان جیسے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کئی معاملات ایسے ہیں جن پر عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز اپنے ووٹ کے ذریعے ان تمام مسائل پر اپنا ردعمل ظاہر کریں گے۔
مہم کے دوران ان کا انداز بھی منفرد رہا، جہاں انہوں نے فلیکس بورڈز اور پوسٹرز کے بجائے سادہ طریقہ اپنایا اور سائیکل پر اکیلے عوام سے ملاقاتیں کیں۔ یاد رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ اومین چنڈی نے تقریباً پانچ دہائیوں تک اس حلقے کی نمائندگی کی، جس کی وجہ سے یہ نشست کانگریس کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔