Thursday, April 09, 2026 | 20 شوال 1447
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر،محکمہ موسمیات کا الرٹ

تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر،محکمہ موسمیات کا الرٹ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Apr 09, 2026 IST

تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر،محکمہ موسمیات کا الرٹ
انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (IMD) حیدرآباد نے جمعرات کو اورنج الرٹ جاری کیا، جو کہ 10 اپریل سے 13اپریل تک تلنگانہ کے 20 سے زیادہ اضلاع کے لیے گرمی کی شدید لہر کے اثرات  کو ظاہر کیا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (India Meteorological Department )نے خبردار کیا ہے کہ  تلنگانہ  کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

 ان اضلاع میں شدید گرمی 

محکمہ موسمیات کے مطابق یادادری بھونگیر، ونپرتی، وقارآباد، سدی پیٹ، سنگاریڈی، راجنا سرسلہ، پداپلی، نظام آباد، نرمل ، نارائن پیٹ، ناگرکرنول، منچریال، محبوب نگر، کومرم بھیم آصف آباد، کھمم، کریم نگر، جوگولامبا گدوال، جنگاؤں، جگتیال، ہنمکنڈہ، بھدراچلم کتہ گوڈیم اور عادل آباد اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

ہیٹ اسڑوک  اور دیگر بیماریوں کا خطرہ 

ماہرین کے مطابق دھوپ میں زیادہ دیر رہنے یا سخت جسمانی مشقت کرنے والے افراد میں ہیٹ اسٹروک اور دیگر گرمی سے متعلق بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور دائمی امراض میں مبتلا افراد کے لیے یہ صورتحال زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔

16 اپریل تک موسم خشک رہےگا

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی کہا ہے کہ 16 اپریل تک پورے ریاست میں خشک موسم برقرار رہے گا، جبکہ آئندہ تین دنوں میں درجۂ حرارت میں مزید 2 سے 3 ڈگری سیلسیس اضافہ ہو سکتا ہے۔

 محکمہ صحت کا عوام  کو مشورہ 

دوسری جانب Telangana Public Health Department نے عوام کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر بی رویندر نائک نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہیں اور خاص طور پر دوپہر 12 بجے سے 3 بجے کے درمیان باہر نکلنے سے گریز کریں۔

ہیٹ اسٹروک کی علامات:

متلی، قے، جسم کا درجۂ حرارت 104 ڈگری سے زیادہ ہونا، جلد کا گرم اور خشک ہونا، شدید سر درد، تیز دل کی دھڑکن، سانس لینے میں دشواری، ذہنی الجھن اور دورے پڑنا شامل ہیں۔

گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر:

کیا کریں:

وافر مقدار میں پانی پئیں اور ORS کا استعمال کریں
لیموں پانی، لسی اور پھلوں کے جوس کا استعمال کریں
سفر کے دوران پانی ساتھ رکھیں
تربوز، خربوزہ، سنگترہ، انگور اور کھیرے جیسے پانی سے بھرپور پھل کھائیں
ہلکے رنگ کے ڈھیلے سوتی کپڑے پہنیں
دھوپ سے بچنے کے لیے ٹوپی، چھتری یا رومال کا استعمال کریں
دن کے وقت کھڑکیاں اور پردے بند رکھیں

کیا نہ کریں:

دوپہر کے وقت سخت جسمانی مشقت سے گریز کریں
زیادہ گرمی میں کھانا پکانے سے پرہیز کریں
الکحل، چائے، کافی اور سافٹ ڈرنکس کا استعمال کم کریں
زیادہ مصالحے دار، نمکین اور چکنائی والی غذا سے پرہیز کریں
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گرمی کی شدت کے دوران اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔