Friday, June 06, 2025 | 10, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی کو لگا بڑا جھٹکا، جے ڈی یو لیڈر سمیت کئی حامیوں نے تھاما آر جے ڈی کا ہاتھ

وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی کو لگا بڑا جھٹکا، جے ڈی یو لیڈر سمیت کئی حامیوں نے تھاما آر جے ڈی کا ہاتھ

Reported By: Munsif TV | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jun 04, 2025 IST     

image
بہار میں اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔حکمراں جماعت وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ مشرقی چمپارن سے جے ڈی یو لیڈر گوہر عالم اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ گزشتہ روز 3 جون منگل کو آر جے ڈی میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے سابق ایم ایل اے فیصل رحمان کی رہائش گاہ پر اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ آر جے ڈی کی رکنیت حاصل کی۔
 
یاد رہے کہ نتیش کمار کی وقف بل کی حمایت کے بعد بہار میں مسلم کمیونٹی میں ناراضگی ہے۔ پارلیمنٹ سے وقف بل کی منظوری ملنے کے بعد گوہر عالم نے پارٹی سے  15 دیگر  کارکن کے ساتھ استعفیٰ دے دیا تھا۔ اب جب چند مہینوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں تو وہ آر جے ڈی میں شامل ہو گئے ہیں۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ پارٹی میں شامل ہونے سے آر جے ڈی کو علاقہ میں کتنا فائدہ ہوتا ہے۔ 

تیجسوی یادو کا وزیر اعلیٰ بننا یقینی:گوہر عالم 

آر جے ڈی میں شامل ہونے کے بعد گوہر عالم نے کہا کہ ماضی میں جے ڈی یو سیکولر پارٹی تھی۔ اب جے ڈی یو بی جے پی اور آر ایس ایس کی گود میں بیٹھ گئی ہے۔ ایسے میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور تیجسوی یادو کا وزیر اعلیٰ بننا یقینی ہے۔
 
اس موقع پر سابق ایم ایل اے فیصل رحمان نے کہا کہ کئی پارٹیوں کے نوجوان ساتھی آر جے ڈی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ان لوگوں کی آمد سے پارٹی کو مضبوطی ملی ہے۔ لوگوں نے تیجسوی یادو کو بہار کا وزیر اعلیٰ بنانے کا تہیہ کر لیا ہے۔ فیصل رحمٰن نے لوگوں سے اپیل کی کہ تیجسوی یادو کی اہم 'مائی بہن  مان یوجنا' کو ہر گھر تک لے جائیں۔ تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ بنانے میں اپنا تعاون دیں۔ دوسری طرف سابق وزیر اور نرکتیا ایم ایل اے ڈاکٹر شمیم ​​احمد نے کہا کہ سینکڑوں لوگ آر جے ڈی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ایسے میں پارٹی مزید مضبوطی حاصل ہوئی ہے۔