تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی آج جھارکھنڈ کا دورہ کریں گے۔ ریونت ریڈی جھارکھنڈ کے سابق چیف منسٹر اور جے ایم ایم کے سابق سربراہ شیبوسورین کے تعزیتی جلسہ میں شرکت کریں گے۔ تلنگانہ کانگریس نے اپنے ایک بیان میں بتایاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی آج جھارکھنڈ کے سابق چیف منسٹر شیبوسورین کے تعزیتی جلسہ میں شرکت کرنے کے مقصد سے جھارکھنڈ کا دورہ کریں گے۔ ریونت ریڈی آج صبح ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ جھارکھنڈ کیلئے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر ریونت ریڈی شیبو سورین کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے اور اظہار تعزیت کریں گے۔ وہ شیبو سورین کے ساتھ اپنی ذاتی اور سیاسی وابستگی کو بھی یاد کریں گے۔ اس دورے کو کانگریس پارٹی کے قومی سطح پر دیگر پارٹیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوشش بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ ریونت ریڈی اس دورے کے دوران شیبو سورین کی موت کے بعد جھارکھنڈ کی سیاست میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے۔
یاد رہے کہ جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم اور جے ایم ایم کے ایم ایل اے رام داس سورین کا انتقال ہوگیا۔ وہ دہلی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر ان کی موت کی اطلاع دی۔ اس ماہ کے شروع میں رام داس سورین اپنی رہائش گاہ کے باتھ روم میں گر گئے تھے۔ اس کے بعد انہیں برین ہیمرج ہو گیا۔ انہیں علاج کیلئے دہلی لایا گیا۔ ان کی حالت نازک بنی ہوئی تھی۔ رام داس سورین نے 30 اگست 2024 کو جھارکھنڈ حکومت میں وزیر کے طور پر حلف لیا تھا۔ وہ دو بار گھاٹسیلا سے ایم ایل اے بنے تھے۔ سی ایم ہیمنت سورین نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ رام داس کے جانے سے ہمارا بڑا نقصان ہوا ہے۔ ہیمنت سورین نے کہاکہ رام داس عوامی لیڈر اور ہمدرد انسان تھے جن کی کمی ہمیشہ رہے گی۔
جھارکھنڈ کی حکمراں جماعت جے ایم ایم کے ترجمان منوج پانڈے نے رام داس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم سابق چیف منسٹر اور جے ایم ایم سربراہ شیبوسورین کے انتقال کے غم سے ابھی پوری طرح نکل بھی نہیں پائے تھے کہ دام داس کے انتقال کی اطلاع نے ہمیں گہرے صدمہ میں ڈال دیاہے۔ منوج پانڈے نے کہاکہ رام داس نہ صرف ایک بہتر سیاستدان تھے بلکہ وہ ایک نرم دل اور سادہ مزاج انسان تھے۔ منوج پانڈے نے مزید کہاکہ رام داس ہمارے برے دنوں کے ساتھی رہے ہیں انہوں نے ہر وقت عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی ہے۔