Friday, May 09, 2025 | 11, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ:وزیر اعلی ریونت ریڈی نے سیکوریٹی کا لیا جائزہ،ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی کو دہلی سے فوری حیدرآباد واپس ہونے کی دی ہدایت

تلنگانہ:وزیر اعلی ریونت ریڈی نے سیکوریٹی کا لیا جائزہ،ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی کو دہلی سے فوری حیدرآباد واپس ہونے کی دی ہدایت

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 07, 2025 IST     

image
تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم  ایکس پر کہا کہ انہیں ہندوستانی شہری ہونے پر فخر ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پاکستان اور پی او کے میں دہشت گرد فیکٹریوں پر حملے ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے ہم سب کو ایک آواز میں بولنے کی دعوت دی ہے۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آپریشن سندور کے تناظر میں ہنگامی جائزہ میٹنگ بلائی جس میں فوج، پولیس، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ لوگوں کو گھبرانا نہیں چاہئے اور چوکنا رہنا چاہئے۔
 
 انہوں نے عوام کو مشورہ دیاکہ اگر کسی طرح کا کوئی شک ہوتو فوری طور پر محکمہ پولیس میں شکایت درج کرائیں۔ اس دوران ریونت ریڈی نے نائب وزیر اعلی بھٹی وکرمارکا فوری حیدرآباد واپس ہونے کا مشورہ دیا جو اس وقت قومی دارالحکومت نئی دہلی میں ہیں۔ چونکہ حیدرآباد ملک کے دفاع میں ایک اسٹریٹجک مقام رکھتاہے اور دفاعی محکموں کا اڈہ ہے اس لیے وزیر اعلیٰ نے پہلے ہی تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے ہر وقت چوکس رہیں۔ اس دوران چیف منسٹر نے عہدیداروں کو حیدرآباد اور تمام دیہی اور شہری علاقوں میں جنگی بنیادوں پر چوکسی عمل میں لانے کی بھی ہدایت دی۔
 
وہیں تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے ہندوستانی فوج کی جانب سے پاکستان پر کئے گئے حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کی سی ڈبلیو سی میٹنگ میں فیصلہ کیاگیاتھاکہ ملک کی سیکوریٹی کیلئے حکومت جو بھی اقدامات کرے گی اس میں ہم اس کے ساتھ رہیں گے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئے۔ تاہم کانگریس لیڈر نے حکومت کو مشورہ دیاکہ اسے اپنی ستائش کی پرواہ  کئے بغیر دہشت گردی کے خلاف کاروائی کرنی چاہئے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہئےکہ کوئی بھی دشمن طاقت ہماری طرف نظر اٹھاکر نہ دیکھیں۔