• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • کانگریس کے بنائے ہوئے قوانین مسلمانوں کے گھر تباہ کر رہے ہیں: اسد الدین اویسی

کانگریس کے بنائے ہوئے قوانین مسلمانوں کے گھر تباہ کر رہے ہیں: اسد الدین اویسی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 11, 2026 IST

کانگریس کے بنائے ہوئے قوانین مسلمانوں کے گھر تباہ کر رہے ہیں: اسد الدین اویسی
مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں، جس میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) بھی حصہ لے رہی ہے۔ اسی تناظر میں اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے مہاراشٹر کے امراوتی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے سپریم کورٹ کی طرف سے دہلی فسادات کیس میں طالب علم رہنماؤں عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے انکار کرنے پر کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
 
اسد الدین اویسی نے اسٹیج کے سامنے کھڑے ہجوم سے سوال کیا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت کیوں نہیں دی؟جسکے جواب میں خود  انہوں نے  کہا کہ منموہن سنگھ کی قیادت والی کانگریس حکومت نے ایک قانون (یو اے پی اے) بنایا تھا، جس کی انہوں نے اس وقت پارلیمنٹ میں مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اس قانون کی مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ دفعہ 15(A) کا استعمال مسلمانوں اور دلتوں کے خلاف کیا جائے گا۔
 
انہوں نے کہا کہ UAPA کی دفعہ 15(A) کے تحت پولیس کسی کو بھی بغیر پولیس حراست کے 180 دن تک حراست میں رکھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس دفعہ کی وجہ سے عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت مسترد کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بچے بغیر کسی قصور کے گزشتہ ساڑھے پانچ سال سے جیل میں بند ہیں۔ 
 
عمر اور شرجیل کو کانگریس کے قانون کی وجہ سے ضمانت دینے سے انکار کیا گیا: اسد الدین اویسی
 
اسدالدین اویسی نے ان دونوں نوجوانوں کو ضمانت دینے سے انکار کے لیے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا، کیونکہ یہ قانون کانگریس حکومت نے بنایا تھا۔ انہوں نے پوچھا، ’’کہاں ہیں یہ کانگریسی جو بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں؟
 
انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر بھی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جب وزیر داخلہ امیت شاہ نے 2019 میں یو اے پی اے قانون میں ترمیم کی تو حد کراس ہوگئی۔ انہوں نے سوال کیا، کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ ترمیم شدہ قانون کیا کہتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس ترمیم شدہ قانون کے تحت دہلی میں بیٹھا انسپکٹر ناگر پور کے کسی شخص کو دہشت گرد قرار دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے امت شاہ کی ترمیم کی حمایت کی۔
 
کانگریس کے بنائے ہوئے قوانین مسلمانوں کے گھر تباہ کر رہے ہیں: اسد الدین اویسی
 
اویسی نے کہا کہ اس ترمیم کے وقت انہوں نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ کانگریس کے ہر لیڈر کو ایک یا دو سال کے لیے جیل بھیج دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کانگریس ارکان مشتعل ہوگئے۔ اویسی نے کہا، یہ کانگریس کا ردعمل ہے، جب آپ کی بات آتی ہے، تو آپ پورے ملک کو اپنے سر پر لے لیتے ہیں۔ انہوں نے کانگریس پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'آپ کے بنائے ہوئے قوانین کی وجہ سے ہمارے (مسلمان) گھر گزشتہ 75 سالوں سے تباہ ہو رہے ہیں۔
 
اویسی نے مزید کہا کہ مودی نےجو قانون بنایا اور جس طرح مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔نفرت کا بازار عام کر دیا گیا،ہماری زندگی کی کوئی قیمت نہیں،ہماری خوشیوں کو کوئی موقع نہیں ملتا ،ہر طرف یا تو بنگلہ دیشی ہے،یا تو آتنک وادی ہے،یا پھر فلاں ہے۔آخر اس دور کا خاتمہ اسی وقت ہوگا،جب بھارت  کے مسلمان اپنے مقدر کے فیصلہ کریں گے۔