Monday, October 27, 2025 | 05, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • کانگریس حکومت آٹو ڈرائیورز سے کئے گئے وعدے نبھانے میں ناکام:ہریش راو کا الزام

کانگریس حکومت آٹو ڈرائیورز سے کئے گئے وعدے نبھانے میں ناکام:ہریش راو کا الزام

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 27, 2025 IST

کانگریس حکومت آٹو ڈرائیورز سے کئے گئے وعدے نبھانے میں ناکام:ہریش راو کا الزام
بی آر ایس لیڈر اور سابق وزیر ٹی ہریش راو نے آج ایک منفرد قدم اٹھاتے ہوئے آٹو ڈرائیوروں کو درپیش مسائل کو سمجھنے کیلئے کوکاپیٹ میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ایراگڈا گوکل تھیٹر تک آٹو میں سفر کیا۔اس کے بعد ہریش راؤ نے ایراگڈا گوکل تھیٹر سے تلنگانہ بھون تک بھی آٹو میں سفر کیا۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو خبردار کیا کہ وہ ہزاروں آٹو رکشہ ڈرائیوروں کی مشکلات حل کیے بغیر دوبارہ حیدرآباد نہ آئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت فوری طور پر ہر ڈرائیور کو 2023 کے اسمبلی انتخابات میں وعدہ کیے گئے 24,000 روپے ادا کرے، اور کہا کہ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو ریاست بھر میں احتجاج ہوں گے۔
 
انہوں نے کہا، راہل گاندھی نے انتخابات کے دوران ووٹوں کے لیے آٹو میں سفر کیا اور اقتدار میں آنے کے بعد انہیں بھلا دیا۔ اگر وہ دوبارہ حیدرآباد آئے تو ہمارے آٹو ڈرائیور ز انکے خلاف احتجاج کریں گے۔
 
بتا دیں کہ بی آر ایس نے پیر کے روز حیدرآباد بھر میں علامتی احتجاج کیا، جس میں رہنما آٹو رکشوں میں سفر کرکے ڈرائیوروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ، کوکٹ پلی کے ایم ایل اے مدھاورم کرشنا راؤ کے ہمراہ، اپنی کوکٹ پیٹ رہائش گاہ سے ایراگڈہ اور پھر تلنگانہ بھوان تک آٹو میں سفر کرتے ہوئے ڈرائیوروں سے ان کی مشکلات کے بارے میں بات چیت کی۔
 
اس موقع پر بات کرتے ہوئے، سینئر بی آر ایس رہنما نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت کسانوں، خواتین، ملازمین اور آٹو ڈرائیورز سمیت معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ دھوکہ کر رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا، "12,000 روپے سالانہ امداد، آٹو نگر اور آٹو ویلفیئر بورڈ کے وعدے محض نعروں تک رہ گئے ہیں۔ دو سالوں میں ڈرائیوروں کو ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔انہوں نے بقایاجات کا تخمینہ 1,500 کروڑ روپے لگایا۔ہریش راؤ نے حکومت پر تنقید کی کہ وہ موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے لیے ہزاروں کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے لیکن جدوجہد کر رہے آٹو ڈرائیوروں کو ماہانہ 1,000 روپے کی امداد دینے سے انکار کر رہی ہے۔
 
تاہم انہوں نے ریاست بھر کے آٹو ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کو شکست دیں تاکہ اسے سبق سکھایا جائے اور اسے اپنے انتخابی وعدوں پر عمل درآمد کرنے پر مجبور کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں آٹو ڈرائیورس بے تحاشہ مسائل سے دوچار ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت کو ان کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ ہریش راو نے کہاکہ بی آر ایس کے دوبارہ اقتدار پر آنے کے بعد آٹو ڈرائیورس کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔