نئی دہلی ورلڈ بک فیئر 2026 کے دوسرے دن بھارت منڈپم کے مختلف ہالز میں لوگوں کی بڑی تعداد دیکھنے میں آئی۔ دنیا کے سب سے بڑے بی ٹو سی کتاب میلوں میں سے ایک، این ڈی ڈبلیو بی ایف کا 53واں ایڈیشن مکالموں کی گرماہٹ، فکر انگیز نشستوں اور کتابوں کی خوشبو سے لبریز ہے۔ مصنفین سے گفتگو، کتابوں کی رونمائی اور ثقافتی پیشکشوں کے ساتھ کتاب میلے کا دوسرا دن مطالعے اور افکار کے جشن کی حقیقی عکاسی کرتا نظر آیا۔
جاری ورلڈ بک فیئر میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اور مختلف زبانوں و اصناف کی کتابوں میں گہری دلچسپی پر ناشرین اور مصنفین نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ شریک ناشرین کا کہنا ہے کہ بھارت منڈپم میں کتاب میلے کا مفت داخلہ اور نو روزہ میلے کا بروقت انعقاد قارئین کو متوجہ کرنے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔اس میلے میں 35 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زائد ناشرین شریک ہیں، جہاں مقبول بیسٹ سیلرز سے لے کر نایاب اور مخصوص موضوعات کی کتابیں دستیاب ہیں۔ کتاب میلہ مصنفین کو بھی قارئین سے براہِ راست رابطے اور اپنی تخلیقات پیش کرنے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔قومی بک ٹرسٹ کے زیر اہتمام 53 واں نئی دہلی ورلڈ بک فیئرسنیچر کو شروع ہوا، جس کا مرکزی موضوع بھارت کی فوجی تاریخ ہے۔ یہ کتاب میلہ 18 جنوری تک جاری رہے گا۔
وزیرتعلیم دھرمیندرپردھان نے نوجوان مصنفین کی حوصلہ افزائی کی
وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے ساتھ پی ایم یووا 3.0 کے تحت منتخب 43 نوجوان مصنفین کے ساتھ وزیراعظم میوزیم میں ایک مکالمہ منعقد کیا گیا۔ منتخب نوجوان مصنفین نے مینٹورشپ اسکیم کے تحت اپنی آنے والی کتابوں کے مسودات، موضوعات اور ان سے جڑے مختلف پہلوؤں کے بارے میں معزز وزیرِ تعلیم کو آگاہ کیا۔ وزیرِ تعلیم نے نوجوان مصنفین کو نیک تمناؤں کے ساتھ اس بات کی ترغیب دی کہ وہ مینٹورشپ کی چھ ماہ کی مدت کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور ایسی کتابیں تحریر کریں جو بھارتی نوجوانوں کو پڑھنے اور لکھنے کی جانب راغب کریں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ تحقیق اور حوالہ جاتی مواد، چاہے وہ طباعتی ہو یا ڈیجیٹل، نیشنل بک ٹرسٹ کی جانب سے فراہم کیا جائے۔ ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی کہ مصنفین کو ون نیشن-ون سبسکرپشن (او این او ایس) پہل کے تحت مواد تک رسائی دی جائے۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ مصنفین کو ان کے متعلقہ شعبوں کے مرکزی جامعات سے جوڑا جا سکتا ہے تاکہ ان کے مسودات کی تحقیق اور ترقی کے لیے ادارہ جاتی تعاون فراہم ہو سکے۔ اس موقع پر ونیت جوشی (سیکریٹری، اعلیٰ تعلیم)، یووراج ملک (ڈائریکٹر، این بی ٹی-انڈیا)، ڈاکٹر پریانکا مشرا (سی ای او، وزیرِاعظم میوزیم)، کمار وکرم (چیف ایڈیٹر و جوائنٹ ڈائریکٹر، این بی ٹی-انڈیا) اور شری روی کے۔ مشرا (جوائنٹ ڈائریکٹر، وزیرِاعظم میوزیم) موجود تھے۔
پی ایم یووا 3.0 اسکیم کے تحت منتخب 43 مصنفین، وزارتِ تعلیم کی جانب سے نیشنل بک ٹرسٹ، انڈیا کو عمل درآمدی ایجنسی مقرر کیے جانے کے بعد، بھارت منڈپم میں منعقد نئی دہلی ورلڈ بک فیئر 2026 (10 تا 18 جنوری) کے موقع پر منعقد قومی کیمپ میں شرکت کر رہے ہیں۔ نئی دہلی ورلڈ بک فیئر کا افتتاح 10 جنوری کو وزیرِ تعلیم نے کیا۔