Saturday, February 22, 2025 | 23, 1446 شعبان
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • دہلی کے نانگلوئی میں ایک مکان میں لگی آگ، لوگوں نے جان بچانے کے لیے دوسری منزل سے لگا دی چھلانگ

دہلی کے نانگلوئی میں ایک مکان میں لگی آگ، لوگوں نے جان بچانے کے لیے دوسری منزل سے لگا دی چھلانگ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Feb 19, 2025 IST     

image
دہلی کے نانگلوئی علاقے میں جنتا مارکیٹ کے قریب ایک گھر میں آگ لگ گئی ۔ آگ سے بچنے کے لیے لوگوں نے دوسری منزل سے چھلانگیں لگا دیں۔دہلی فائر بریگیڈ کے اہلکار نے بدھ کو بتایا کہ آگ پیر 17 فروری کی رات 10 بجے لگی۔ واقعے کی ایک ہولناک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں لوگ دوسری منزل سے چھلانگ لگاتے نظر آ رہے ہیں۔تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
 
فائر حکام کے مطابق جوالا پوری علاقے کے تحت وائی-655، موبائل مارکیٹ، جنتا مارکیٹ میں ایک گھر کی پہلی اور دوسری منزل پر  رات 9.45 بجے آگ  لگنے کی اطلاع ملی۔ لوگوں نے بتایا کہ آگ گھر کی پہلی منزل پر گیس لیکج کی وجہ سے لگی اور آہستہ آہستہ دوسری منزل تک پہنچ گئی۔گھر میں پرانجل (19)، پریتی (40)، پنکج (40)، پون (18)، ویبھو (13) اور شویتا (20) آگ میں بری طرح پھنس گئے تھے ۔انہوں نے اپنی جان بچانے کے لیے چھلانگ لگا دی۔تاہم فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں اور کافی کوششوں کے بعد رات گیارہ بجے تک آگ پر قابو پالیا گیا۔لوگوں کے مطابق  فائر فائٹرز کے پہنچنے سے پہلے دوسری منزل پر پھنسے چھ رہائشیوں کے پاس اپنی جان بچانے کے لیے چھلانگ لگانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ 
 
فائر ڈائریکٹر اتل گرگ نے بتایا کہ کنٹرول روم کو رات 10 بجے کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ آگ عمارت کی پہلی اور دوسری منزل پر لگی، خود کو بچانے کے لیے چھ افراد نے دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے۔ فی الحال سبھی کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے اور آگ لگنے کی وجہ کی جانچ کی جارہی ہے۔ غور طلب ہے کہ حال ہی میں نوئیڈا میں واقع ایک پلاسٹک کمپنی میں زبردست آگ لگی تھی جسے فائر فائٹرز نے لگ بھگ 15 فائر فائٹنگ گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا تھا۔