Saturday, August 16, 2025 | 22, 1447 صفر
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • دہلی: سات سالہ لڑکا پتنگ پکڑنے کی کوشش میں کھلے نالے میں جا گرا، کل سے ریسکیو آپریشن جاری

دہلی: سات سالہ لڑکا پتنگ پکڑنے کی کوشش میں کھلے نالے میں جا گرا، کل سے ریسکیو آپریشن جاری

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 16, 2025 IST     

image
شمال مشرقی دہلی کے ویلکم ایریا میں جمعہ کی شام ایک سات سالہ لڑکا پتنگ پکڑنے کی کوشش میں کھلے نالے میں گر گیا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لڑکے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جسے بعد میں اندھیرے کے باعث روکنا پڑا۔
 
افسر کے مطابق یہ واقعہ لکڑی مارکیٹ پل کے قریب پیش آیا، جہاں لڑکا کھیل رہا تھا۔ ابھی تک لڑکے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ افسر نے بتایا کہ ہمیں شام کے وقت ایک بچے کے نالے میں گرنے کی اطلاع ملی۔ ایک ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور دیکھا کہ لڑکا پتنگ کا پیچھا کرتے ہوئے نالے میں گر گیا تھا۔
 
افسر نے کہا کہ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کو مطلع کیا گیا اور مقامی غوطہ خوروں اور فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی مدد سے تلاش اور بچاؤ آپریشن شروع کیا گیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ روشنی کم ہونے کی وجہ سے شام دیر گئے آپریشن روکنا پڑا۔
 
آج صبح اضافی افرادی قوت اور آلات کے ساتھ تلاشی دوبارہ شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نالے کے کچھ حصوں میں پانی کا بہاؤ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ سرچ آپریشن میں مدد مل سکے۔

دارالحکومت میں ریسکیو روکنے پر سوالات اٹھائے گئے:

پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔ ریسکیو آپریشن روکنے پر سیلم پور سے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے چودھری زبیر احمد نے انتظامات پر سنگین سوال اٹھائے۔
 
انہوں نے کہا کہ دہلی جیسی راجدھانی میں اندھیرے کی وجہ سے آپریشن روک دیا جائے تو دوسری ریاستوں کے حالات کا تصور کیا جا سکتا ہے۔ ایم ایل اے کا کہنا ہے کہ بچہ نالے میں لاپتہ ہے اور انتظامیہ صبح تک کا انتظار کیا اس سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تیاریوں پر سوال اٹھتے ہیں۔