Wednesday, January 07, 2026 | 18, 1447 رجب
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • آئی آر سی ٹی سی گھوٹالہ معاملہ میں دہلی ہائی کورٹ نے لالو یادو کی عرضی پر سی بی آئی سے کیا جواب طلب

آئی آر سی ٹی سی گھوٹالہ معاملہ میں دہلی ہائی کورٹ نے لالو یادو کی عرضی پر سی بی آئی سے کیا جواب طلب

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad Mia | Last Updated: Jan 05, 2026 IST

آئی آر سی ٹی سی  گھوٹالہ معاملہ  میں دہلی ہائی کورٹ نے لالو یادو کی عرضی پر سی بی آئی سے کیا  جواب طلب
دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن (IRCTC) سے متعلق گھوٹالے کے کیس میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے یہ نوٹس سابق ریل وزیر لالو پرساد یادو کی جانب سے دائر کردہ عرضی پر جاری کیا اور جواب طلب کیا ہے۔ عرضی میں یادو نے سی بی آئی کیس میں ان کے خلاف نچلی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے، جس میں ان پر الزامات عائد کیے گئے تھے۔ تاہم، عدالت نے الزامات عائد کرنے کے حکم پر روک نہیں لگائی۔
 
14 جنوری کو ہوگی اگلی سماعت
 
ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو لالو یادو کی عرضی پر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایات دی ہیں اور کیس کی اگلی سماعت 14 جنوری کو مقرر کی ہے۔ یاد رہے کہ اکتوبر 2025 میں دہلی کی ایک عدالت نے IRCTC گھوٹالے کے کیس میں لالو یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی، بیٹے تیجسوی یادو اور دیگر 14 افراد کے خلاف الزامات عائد کیے تھے۔ کیس میں تمام ملزموں نے الزامات قبول نہیں کیے۔
 
IRCTC گھوٹالہ کیا ہے؟
 
یہ کیس 2004-2009 کے دور کا ہے۔ اس وقت لالو یادو ریل وزیر تھے۔ سی بی آئی کا الزام ہے کہ IRCTC کے رانچی اور پوری کے دو ہوٹلوں کے دیکھ بھال کا ٹھیکہ غلط طریقے سے وجے اور ونے کوچر کی سوجاتا ہوٹلز کو دیا گیا تھا۔الزام ہے کہ کوچر برادران نے ٹھیکے کے بدلے لالو خاندان کو پٹنہ میں 3 ایکڑ زمین دی۔ سی بی آئی نے 2017 میں ایف آئی آر درج کی تھی اور اپریل 2018 میں لالو، رابڑی اور تیجسوی کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔