دہلی حکومت نے 500 نئی الیکٹرک بسیں شروع کی ہیں جس سے دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے کل ای وی بیڑے کی تعداد 4,000 سے زیادہ ہو گئی۔ اس موقع پر چیف منسٹر ریکھا گپتا نے کہاکہ تازہ ترین شمولیت کے ساتھ دہلی اب ملک کی سب سے بڑی ای۔بس بیڑے والا علاقہ بن گیاہے۔ ریکھاگپتا نے اسے قومی دارالحکومت کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کیلئے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا ہے۔انہوں نےکہاکہ دہلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پانچ سو نئی الیکٹرک بسوں کو ایک ہی وقت میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں شامل کیاگیاہے۔ اس موقع پر بی جے پی کے قومی صدر نتن نابین اور دیگر موجود تھے۔
ڈی ٹی سی کے حکام نے بتایا کہ رام لیلا میدان میں 500 نئی ای۔بسوں کے شامل ہونے کے بعد دہلی میں اب مجموعی طور پر 4,286 الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں۔ ای۔بسوں کی تعداد میں اضافے سے دہلی نہ صرف سب سے بڑی ای۔بس فلیٹ رکھنے والی ریاست بن گئی ہے بلکہ گرین موبیلیٹی اور کلین ٹرانسپورٹ کے قومی ماڈل کے طور پر بھی ابھری ہے۔ اس سے پہلے ملک میں مہاراشٹر کے پاس سب سے زیادہ 4,001 ای۔بسیں تھیں۔ ٹرانسپورٹ وزیر پنکج سنگھ نے کہا کہ دہلی اور پانی پت کے درمیان انٹر اسٹیٹ بس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ہماری پالیسی کی وجہ سے کامیابی، وزیراعلیٰ
سی ایم ریکھا گپتا نے کہا کہ یہ کامیابی پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید، ماحول دوست اور عوام کے لیے قابل رسائی بنانے کے لیے اپنائی گئی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین نے کہا کہ دہلی کے لوگ آلودگی سے پریشان ہیں۔ ای بسوں کا بیڑا پبلک ٹرانسپورٹ کو مضبوط کرے گا اور آلودگی کو کم کرے گا۔