Wednesday, January 14, 2026 | 25, 1447 رجب
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • بچوں کی زندگی کے ابتدائی دو سال: صحت،انفیکشن اور والدین کے لیے اہم رہنمائی

بچوں کی زندگی کے ابتدائی دو سال: صحت،انفیکشن اور والدین کے لیے اہم رہنمائی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jan 14, 2026 IST

بچوں کی زندگی کے ابتدائی دو سال: صحت،انفیکشن اور والدین کے لیے اہم رہنمائی
بچوں کی زندگی کے ابتدائی دو سال ان کی مجموعی صحت اور نشوونما کے لیے نہایت اہم سمجھے جاتے ہیں۔ اس عمر میں بچوں کا مدافعتی نظام (Immune System) مکمل طور پر تیار نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے وہ مختلف قسم کے عام انفیکشنز کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انہی اہم نکات پر روشنی ڈالنے کے لیے  منصف ٹی وی کے  پروگرام “ہیلتھ اور ہم” میں ماہر اطفال ڈاکٹر نتاشا بگا (کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشن، رینبو چلڈرن ہاسپٹل، حیدرآباد) نے تفصیلی گفتگو کی۔

 بچوں کیلئے اہم ابتدائی دو سال 

ڈاکٹر نتاشا کے مطابق، ابتدائی دو برسوں میں بچوں کو سانس کی نالی کے انفیکشن، نمونیا، دست (ڈائریا)، کان کا انفیکشن، پیٹ کے انفیکشن اور بعض اوقات پیشاب کی نالی کے انفیکشن (UTI) بھی ہو سکتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی علامات پر گہری نظر رکھیں، کیونکہ بچے اپنی تکلیف کا اظہار الفاظ میں نہیں کر پاتے۔

 والدین کن اہم باتوں کا رکھیں خیال 

انہوں نے بتایا کہ اگر بچے کو تیز بخار ہو جو دو سے تین دن میں کم نہ ہو، مسلسل دست ہوں، پیشاب کی مقدار کم ہو جائے، شدید کھانسی کی وجہ سے بچہ سو نہ پا رہا ہو یا غیر معمولی طور پر بہت زیادہ رو رہا ہو تو فوراً قریبی ماہر اطفال سے رجوع کرنا چاہیے۔ خاص طور پر کان کے انفیکشن کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ کان کا براہِ راست تعلق دماغ سے ہوتا ہے، اور بروقت علاج نہ ہونے پر پیچیدگیاں بڑھ سکتی ہیں۔

 ڈاکٹر سے مشورہ کئےبغیر یہ کام نہ کریں 

ڈاکٹر نتاشا نے والدین کو یہ بھی مشورہ دیا کہ بغیر ڈاکٹر کے مشورے کے اینٹی بایوٹکس ہرگز استعمال نہ کریں۔ اکثر بچوں میں انفیکشن وائرل ہوتے ہیں جن میں اینٹی بایوٹکس کی ضرورت نہیں ہوتی۔ غلط اور غیر ضروری ادویات بچے کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

 صفائی کیوں ہے سب سے اہم 

انفیکشن سے بچاؤ کے حوالے سے انہوں نے صفائی کو سب سے اہم قرار دیا۔ بچوں اور ان کے اردگرد کے ماحول کی صفائی، کھلونوں کی صفائی، بوتلوں کو اُبال کر صاف کرنا اور ہاتھ دھونے کی عادت انفیکشن سے بچاؤ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ خاص طور پر ایک سال کی عمر کے بعد بچوں کو ہاتھ دھونے کی باقاعدہ تربیت دینا ضروری ہے۔

 ٹیکہ کاری، ویکسی نیشن  بہت ضروری کیوں ہے

ڈاکٹر نتاشا نے ویکسی نیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حفاظتی ٹیکے بچوں کو کئی جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔ اگرچہ ویکسین 100 فیصد تحفظ کی ضمانت نہیں دیتی، مگر 80 سے 90 فیصد تک بیماریوں کے خطرے کو کم کر دیتی ہے اور اسپتال میں داخلے سے بھی بچاتی ہے۔

ماں کا دودھ دواؤں سے بہتر 

انہوں نے بتایا کہ ماں کا دودھ بچے کی قدرتی قوتِ مدافعت بڑھانے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ کم از کم چھ ماہ تک مکمل ماں کا دودھ اور دو سال تک دودھ پلانا بچے کی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔

ڈاکٹر نتاشا کا والدین کو پیغام

ڈاکٹر نتاشا نے والدین کو پیغام دیا کہ گھبرانے کے بجائے بچوں کی علامات کو سمجھیں، صفائی، متوازن غذا، ویکسینیشن اور بروقت طبی مشورے کے ذریعے اپنے بچوں کو ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل فراہم کریں۔
 
ماہر اطفال ڈاکٹر نتاشا بگا (کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشن، رینبو چلڈرن ہاسپٹل، حیدرآباد)  سے تفصیلی گفتگو  منصف ٹی  وی  پر  دیکھ سکتے ہیں۔