جموں و کشمیر کے کولگام ضلع میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے چھپنے کی خفیہ اطلاع ملنے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران جب دہشت گردوں نے دیکھا کہ وہ گھیرے میں ہیں تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں طرف سے گولیاں چل رہی ہیں۔ تاہم ابھی تک یہاں کتنے لوگ موجود ہیں اس بارے میں معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
انکاؤنٹر میں ایک دہشت گرد مارا گیا :
کولگام انکاؤنٹر میں ایک دہشت گرد مارا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم تاحال جاری ہے۔ دو سے تین دہشت گردوں کے گھیرے میں آنے کا خدشہ ہے۔ انکاؤنٹر صبح 8 بجے شروع ہوا۔ حکام نے بتایا کہ گودر کے جنگلاتی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے تلاشی مہم شروع کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے ٹھکانوں پر فائرنگ شروع ہونے کے بعد تلاشی آپریشن انکاؤنٹر میں تبدیل ہوگیا۔
دو فوجی زخمی :
تاہم سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ جاری ہے جس میں دو فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے اور اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔ علاقے میں ڈرون بھی اڑائے جا رہے ہیں۔
جموں و کشمیر میں 22 مقامات پر چھاپے:
دریں اثنا، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پیر کو پانچ ریاستوں اور جموں و کشمیر میں 22 مقامات پر چھاپے مارے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی دہشت گردی کی سازش سے متعلق کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بارہمولہ، کولگام، اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع میں تلاشی جاری ہے۔