بہار سے دہلی جانے والی ایک چلتی سلیپر بس میں آج صبح آگ لگ گئی، جس میں پانچ افراد زندہ جل گئے۔یہ حادثہ لکھنؤ کے موہن لال گنج علاقے میں کسان پاتھ کے قریب صبح 5 بجے پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے، 2 خواتین اور 1 مرد شامل ہیں۔واقعہ کے وقت بس میں 80 مسافر سوار تھے۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔فائر ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کے پہنچنے تک بس مکمل طور پر جل چکی تھی۔
آگ لگنے کے بعد افرا تفری کا عالم:
بتایا جا رہا ہے کہ جس وقت بس میں آگ لگی اس وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔بس میں دھواں اٹھنے کے بعد افراتفری مچ گئی اور مسافر بس سے اترنے لگے۔ پھر آگ نے بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ لگنے کے بعد ڈرائیور اور کنڈکٹر نے بھی بس سے چھلانگ لگا دی جبکہ کچھ لوگ اندر پھنسے رہے۔بس کو ٹھنڈا کرنے کے بعد جب پولیس نے اندر تلاشی لی تو انہیں 5 افراد کی جلی ہوئی لاشیں ملیں۔
عینی شاہدین نے کیا بتایا؟
عینی شاہدین کے مطابق آگ بہت تیزی سے پھیلی۔ کلی ویسٹ میں کسان پاتھ پر چلتی بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ اتنی خوفناک تھی کہ بس میں بیٹھے مسافر چیخنے لگے۔ کچھ ہی دیر میں آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بس میں بیٹھے کچھ مسافر گیٹ کی طرف بھاگے تو کچھ نے کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر باہر کودنے کی کوشش کی۔ لیکن کھڑکیوں میں لگے لوہے کی سلاخوں کی وجہ سے انہیں چھلانگ لگانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ ا۔ راہگیروں نے فوری طور پر پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔مگر اس وقت تک کافی تاخیر ہو چکی تھی۔