آئی پی ایل 2025 میں اب تک ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل اور ریان پراگ جیسے مشہور کھلاڑیوں کو جرمانہ ادا کرنا پڑا ہے۔ اب سزا پانے والوں میں دہلی کیپیٹل کے بولنگ کوچ مناف پٹیل کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ بدھ کو کھیلے گئے دہلی کیپٹلز بمقابلہ راجستھان رائلز میچ کا ہے، جہاں دہلی نے سپر اوور میں سنسنی خیز جیت درج کی۔ دراصل مناف پٹیل ایک فیصلے کو لیکر فورتھ امپائر سے بحث شروع کر دی تھی جس کے بعد ان پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ۔
انڈین پریمیئر لیگ نے ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا، مناف پٹیل نے آئی پی ایل کے قوانین کے آرٹیکل 2.20 کے تحت لیول 1 کا الزام قبول کر لیا ہے۔ یہ قاعدہ بد سلوکی سے متعلق ہے جو کھیل کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ آئی پی ایل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں پٹیل کو سزا کی وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ دوسری اننگز کے دوران فورتھ امپائر سے بحث کی وجہ سے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ویڈیو وائرل ہوگئی:
راجستھان رائلز 189 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی تھی۔ مناف پٹیل ڈگ آؤٹ کے قریب زمین پر بیٹھے اپنے جوتے کے فیتے باندھ رہے تھے۔ اور قریب ہی کھڑے فورتھ امپائر سےکچھ کہتے ہوئے دیکھے گئے۔ جواب میں امپائر نے بھی پٹیل سے کچھ کہا اور ہاتھ کا اشارہ بھی کیا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔آئی پی ایل 2025 سیزن میں دہلی کیپٹلس کے لیے یہ پہلا جھٹکا نہیں ہے۔ اس سے قبل دہلی ٹیم کے کپتان اکشر پٹیل کو ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر 12 لاکھ روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑا تھا۔ آئی پی ایل 2025 میں دہلی نے 6 میں سے 5 میچ جیتے ہیں اور اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہے۔