Saturday, April 19, 2025 | 21, 1446 شوال
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • کشمیر کی سرزمین زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھی، لوگ خوفزدہ ہوگئے، زلزلے کا مرکز افغانستان تھا، جانیں ریکٹر اسکیل پر شدت کتنی تھی؟

کشمیر کی سرزمین زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھی، لوگ خوفزدہ ہوگئے، زلزلے کا مرکز افغانستان تھا، جانیں ریکٹر اسکیل پر شدت کتنی تھی؟

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Apr 19, 2025 IST     

image
افغانستان میں 5.9 شدت کے زلزلے کا اثر جموں و کشمیر میں بھی محسوس کیا گیا۔ جموں و کشمیر میں زلزلے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر بھاگ گئے۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان سرحد پر تھا۔ زلزلے کی گہرائی زمین سے 86 کلومیٹر نیچے تھی۔ زلزلے سے جانی و مالی نقصان کے بارے میں فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔ زلزلے کے جھٹکے رات 12.17 پر محسوس کیے گئے۔
 
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں سے باہر کھلی جگہوں پر نکل آئے۔ لوگوں کے چہروں پر زلزلے کا خوف نمودار ہونے لگا۔ افغانستان اور پاکستان سے لے کر جموں و کشمیر تک کی زمین زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھی۔ پاکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سے قبل بھی ان علاقوں میں بڑے زلزلے آچکے ہیں جس سے بہت زیادہ جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
 

ہفتہ کو بھی وادی میں زلزلہ آیا تھا:

اس سے قبل ہفتہ (12 اپریل) کو بھی جموں و کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ ہفتے کی دوپہر ایک بجے کے قریب درمیانی شدت کا زلزلہ آیا، جس کا مرکز پاکستان میں تھا۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کا مرکز پاکستان میں تھا اور یہ زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ تاہم زلزلے کے جھٹکوں سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
 

2005 کے زلزلے نےمچائی تھی  بڑی تباہی :

آپ کو بتاتے چلیں کہ جموں و کشمیر زلزلوں کے لیے انتہائی حساس علاقہ ہے۔ یہ زلزلہ زدہ زون 4 اور 5 میں آتا ہے۔ یہاں وقتاً فوقتاً چھوٹے اور بڑے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ 2005 میں کشمیر میں ایک زبردست زلزلہ آیا تھا۔ 7.6 کی شدت کے زلزلے نے وادی میں زبردست تباہی مچائی۔ جموں و کشمیر میں زلزلے سے کم از کم 1,350 افراد ہلاک اور 6,266 زخمی ہوئے تھے۔ اس زلزلے کا مرکز POK میں مظفرآباد کے قریب تھا۔ اسکے علاوہ پاکستان میں 87 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ 
 

جموں و کشمیر :زلزلوں کے لیے انتہائی حساس :

جموں و کشمیر کے ڈوڈہ، کشتواڑ، بھدرواہ اور ریاسی جیسے علاقے زلزلوں کے لیے انتہائی حساس ہیں۔ یہ خطہ انڈین اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹوں کے تصادم کی وجہ سے فالٹ لائنز پر واقع ہے۔ جموں و کشمیر میں 2.0 سے 4.0 شدت کے معمولی زلزلے اکثر آتے رہتے ہیں۔ یہ عام طور پر نقصان کا سبب نہیں بنتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں 4.0 سے 5.9 شدت کے زلزلے اکثر آتے رہے ہیں، لیکن ان سے بڑے پیمانے پر نقصان نہیں ہوا ہے۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ ہمالیہ کے علاقے میں 8.0 یا اس سے زیادہ شدت کا زلزلہ آسکتا ہے جس کے لیے تیاری ضروری ہے۔