Monday, May 04, 2026 | 16 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • حیدرآباد سےحج آپریشنس کاآغاز: حج ہاؤس سے 430 عازمینِ حج رخصت

حیدرآباد سےحج آپریشنس کاآغاز: حج ہاؤس سے 430 عازمینِ حج رخصت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: May 04, 2026 IST

حیدرآباد سےحج آپریشنس کاآغاز: حج ہاؤس سے 430 عازمینِ حج رخصت
 حج 2026 کے سلسلے میں تلنگانہ سےعازمین حج پرواز مقدس سفر کےلئے روانہ ہوگئی۔ حیدرآباد میں واقع حج ہاؤس نامپلی سے باوقار تقریب کے ذریعہ عازمین حج کو روانہ کیا گیا۔  تلنگانہ کے وزیر برائے اقلیتی بہبود و پبلک انٹرپرائزز محمد اظہرالدین نے عازمینِ حج کو جھنڈی دکھا کر رخصت کیا۔ اس موقع پرچیئرمین  تلنگانہ حج کمیٹی مولانا خسرو پاشا بیابانی، چیئرمین تلنگانہ وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، سکریٹری محکمہ اقلیتی امور شفیع اللہ اور دیگراہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
 
 عازمینِ حج کے پہلے قافلہ کو پیر کی صبح اولین ساعتوں میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ  روانہ کیا گیا ، جہاں سے وہ سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگئے۔ حج ہاؤس پہنچنے والے مجموعی طور پر 430 عازمین پہلی پرواز کے ذریعے اپنے مقدس سفر پر روانہ ہوئے، جس کے ساتھ ہی حیدرآباد سے حج آپریشنس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ پہلی حج پرواز 4 مئی کی صبح 5 بجے روانہ ہوئی ۔ پیر کی  دوپہر  تک جدہ پہنچنے کا امکان ہے۔
 
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر محمد اظہرالدین نے عازمین کو تلقین کی کہ وہ دورانِ حج زیادہ سے زیادہ وقت عبادات اور دعا وں میں گزاریں، سعودی عرب کے قوانین کی مکمل پاسداری کریں، اور ریاست تلنگانہ کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے لیے بھی دعائیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی حکومت عازمینِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
 
اس موقع پر کئی ممتازعلمائے کرام اور ذمہ داران بھی شریک رہے، جن میں مولانا ڈاکٹر محمد سیف الدین ، مولانا ضیاء الدین ، مولانا ڈاکٹر عارف الدین  قادری، مولانا وحیدالدین ، مولانا غلام قادر  اور مولانا نورالدین  شامل ہیں۔ اس موقع پر کانگریس کے مائناریٹی لیڈرز اور عازمین کےرشتہ دار  بھی  موجود رہے۔
 
تلنگانہ سے عازمین کے قافلے 4 تا 21 مئی  تک خصوصی پروازوں کے ذریعہ  جدہ روانہ ہوں گے۔ حجاج کرام کے قافلوں کی 11 تا 26 جون مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوں گے۔اس سے پہلے  تلنگانہ  کے  وزیر اقلیتی بہبود نے حج کیمپ میں رہائش اور طعام کے موثر انتظامات کے علاوہ صحت و صفائی کا خیال رکھنے کی ہدایت دی۔  انہوں نے کہا کہ قیام کے دوران 24 گھنٹے سیکوریٹی کے موثر انتظامات کئے  گئے ہیں  ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 10 سے زائد ریاستوں کے عازمین نے روانگی کیلئے حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب کیا ہے۔