حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین اورمسلم کانفرنس کے صدر پروفیسرعبدالغنی بٹ بدھ کی شام انتقال کرگئے۔پروفیسر عبدالغنی بٹ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ پر طویل علالت کے بعدآخری سانس لی۔ خاندانی ذرائع نے تصدیق کی کہ پروفیسر صاحب کچھ عرصے سے علیل تھے اور بدھ کی شام وہ اپنے گھر ہی میں انتقال کر گئے۔ اہلِ خانہ نے بتایا کہ پروفیسرعبدالغنی بٹ کو سوپور میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق تفصیلات اہلِ خانہ کی جانب سے بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
پروفیسرعبدالغنی بٹ کشمیری سیاست میں ایک نمایاں نام تھے۔ وہ 1986 میں قائم ہونے والے مسلم متحدہ محاذ (ایم یو ایف) کے بانی اراکین میں شامل رہے اور بعد ازاں 1993 میں تشکیل دی گئی کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی رہے۔ ان کی سیاسی جدوجہد کی دہائیوں پرمحیط رہی۔
حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین اور مسلم کانفرنس کے صدر پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر مفتی نذیر، انجینئر صادق، سجاد غنی لون، میر واعظ عمر فاروق اور دیگر سماجی و سیاسی رہنماؤں نے گہرے صدمے اور رنج و غم کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا یہ کشمیری عوام کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ پروفیسر صاحب کا جدا ہونا ہم سب کے لیے ذاتی طور پر بھی ایک بہت بڑا صدمہ ہے۔پروفیسر عبدالغنی بٹ کشمیری سیاست کا ایک بصیرت رکھنے والا رہنما شمار ہوتے تھے۔
I’m saddened to hear about the demise of senior Kashmiri political leader & academician Professor Abdul Gani Bhat Sb. Our political ideologies were poles apart but I will always remember him as a very civil person. He had the courage to espouse the cause of dialogue when many…
— Omar Abdullah (@OmarAbdullah) September 17, 2025
وزیراعلیٰ عمرعبد اللہ نے پروفیسر عبد الغنی بٹ کےانتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انھوں نے سماجی رابطہ سائٹ ایکس پر لکھا: میں شینئر کشمیری سیاسی رہنما اور ماہر تعلیم پر وفیسر عبد الغنی بٹ کے انتقال کی خبر سن کر افسردہ ہوں اگرچہ ہماری سیاسی نظریات میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ لیکن ہمیشہ انہیں ایک شائستہ اور مہذب انسان کےطورپر یاد رکھوں گا۔اس میں بات چیت کے مقصد کی حمایت کرنے کی ہمت تھی جب بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ تشدد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے اور اس کے نتیجے میں وہ اس وقت کے وزیر اعظم واجپائی جی اور نائب وزیر اعظم اڈوانی جی سے ملے۔ پروفیسر بھٹ صاحب کو جنت الفردوس میں جگہ ملے۔ ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔