فٹ بال کی دنیا میں بعض اوقات ایسے حیرت انگیز اتفاقات سامنے آتے ہیں جو حقیقت سے زیادہ کسی فلمی کہانی کا حصہ محسوس ہوتے ہیں۔ ایسا ہی ایک منفرد واقعہ اس وقت دوبارہ خبروں میں آ گیا ہے جب ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار للامین یامال ورلڈ کپ فائنل میں آمنے سامنے آنے والے ہیں۔
یہ کہانی تقریباً 19 سال پہلے کی ہے، جب اسپین کے شہر بارسلونا میں ایک مقامی خیراتی کیلنڈر کے لیے فوٹو شوٹ منعقد کیا گیا تھا۔ اس وقت بارسلونا کے ابھرتے ہوئے 20 سالہ کھلاڑی لیونل میسی کو ایک ننھے بچے کے ساتھ تصاویر بنوانے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ فوٹو شوٹ میں ایک چھوٹے نیلے پلاسٹک کے باتھ ٹب میں موجود نومولود بچے کو میسی نہلاتے ہوئے دکھائی دیے۔
اس وقت کسی نے بھی تصور نہیں کیا تھا کہ وہ معصوم بچہ مستقبل میں عالمی فٹ بال کا ایک بڑا ستارہ بنے گا۔ وہ بچہ دراصل لامین یامال تھے، جو آج اسپین کی قومی ٹیم کے نمایاں کھلاڑی ہیں اور ورلڈ کپ فائنل میں لیونل میسی کے مدمقابل ہونے جا رہے ہیں۔
اس تصویر کے دوبارہ منظر عام پر آنے کے بعد نہ صرف دنیا بھر کے فٹ بال شائقین حیران رہ گئے بلکہ اس تصویر کے فوٹوگرافر جان مونفورٹ بھی اس اتفاق کو ناقابلِ یقین قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی قسمت یا تقدیر پر یقین نہیں رکھتے تھے، لیکن اس واقعے نے انہیں سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ بعض اوقات زندگی ایسے حیرت انگیز موڑ بھی لیتی ہے جن کی کوئی منطقی وضاحت نہیں ہوتی۔
دوسری جانب لیونل میسی نے بھی اس تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے برسوں بعد یہ تصویر دوبارہ دیکھی تو انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لامین یامال صرف ایک شیر خوار بچہ تھے اور آج وہ دنیا کے سب سے باصلاحیت نوجوان فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں اور ورلڈ کپ فائنل میں ان کے سامنے کھڑے ہیں۔
میسی نے لامین یامال کی غیر معمولی صلاحیتوں کی بھی کھل کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بارسلونا سے ان کا جذباتی تعلق آج بھی برقرار ہے اور وہ کلب کے تمام میچز باقاعدگی سے دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق لامین یامال نے کم عمری میں جس اعتماد اور مہارت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ انہیں مستقبل کا ایک عظیم فٹبالر بناتا ہے۔
تاہم میسی نے مسکراتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میدان میں دوستی یا جذبات کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ لامین یامال کے پاس تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے، لیکن ارجنٹائن کی پوری ٹیم اسپین کو ٹائٹل جیتنے سے روکنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کرے گی۔
اتوار کو نیو جرسی کے ایک بڑے اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ فائنل کئی حوالوں سے تاریخی ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر ارجنٹائن کامیاب ہوتی ہے تو لیونل میسی اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنانے والے تاریخ کے پہلے کپتان بن سکتے ہیں۔ دوسری طرف اگر اسپین فتح حاصل کرتا ہے تو صرف 19 سالہ لامین یامال عالمی فٹ بال کی تاریخ میں پیلے کے بعد ورلڈ کپ فائنل جیتنے والے کم عمر ترین کھلاڑیوں میں شامل ہو جائیں گے۔ یوں 19 سال پہلے ایک باتھ ٹب میں کھینچی گئی ایک معصوم تصویر آج ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلے سے جڑ کر فٹ بال کی تاریخ کی یادگار کہانی بن چکی ہے۔