Saturday, October 18, 2025 | 26, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • دیوالی سے قبل سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی،جانیے اچانک کمی کی وجہ؟

دیوالی سے قبل سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی،جانیے اچانک کمی کی وجہ؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 18, 2025 IST

دیوالی سے قبل سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی،جانیے اچانک کمی  کی وجہ؟
سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم ہفتہ کو بلین مارکیٹ میں سونے اور چاندی کے نرخوں میں تیزی سے کمی ہوئی۔ خاص طور پر چاندی کی قیمت، جو حال ہی میں عام آدمی کیلئے ناقابل برداشت قیمت تک پہنچ گئی تھی آج اس میں غیرمتوقع طورپر 13 ہزار روپیوں کی کمی واقع ہوئی۔ یہ پیش رفت ان لوگوں کیلئے ایک بڑی راحت کے طورپر آئی ہے جو تہوار کے موسم میں خریداری کرنا چاہتے ہیں۔ گذشتہ روز چاندی کی فی کیلو قیمت دولاکھ تین ہزار روپے تھی جو آج کم ہوکر ایک لاکھ 90 ہزار ہوگئی۔ اس دوران 24 قیراط خالص سونے کی قیمت ایک لاکھ 30 ہزار 860 روپیوں تک پہنچ گئی۔
 
قیمتوں میں اچانک کمی  کی وجہ؟
 
 اسی طرح 22 قیراط سونے کی قیمت ایک لاکھ 19 ہزار 950 روپے ریکارڈ کی گئی۔ مارکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق قیمتوں میں اس اچانک کمی کی بنیادی وجوہات بین الاقوامی ترقی اور سرمایہ کاروں کی طرف سے منافع کمانا ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ چین پر عائد درآمدی محصولات عارضی ہیں اور جلد ہی ملک کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ بات چیت کے بعد بڑے معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی بین الاقوامی مارکیٹ میں موجود غیر یقینی صورتحال دور ہوگئی ہے اور محفوظ سرمایہ کاری سمجھے جانے والے سونے اور چاندی کی مانگ میں کمی آئی ہے۔اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر فروخت کے باعث مارکیٹ میں سپلائی اچانک بڑھ گئی اور قیمتیں گر گئیں۔ 
 
گولڈ لون فوری طور پر کام آنے والا ذریعہ :
 
خیال رہے کہ اچانک پیسوں کی ضرورت پڑنے پر سونا بہت کام آتا ہے۔ ایسے وقت میں گولڈ لون فوری طور پر کام آنے والا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اس کے لیے آپ کو زیادہ کاغذی کارروائی یا بہت زیادہ دوڑ دھوپ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ یہ لون آپ کو کتنا ملے گا، یہ کافی حد تک سونے پر بھی منحصر ہوتا ہے۔
 
سونے کو کیرٹ (K) میں ناپا جاتا ہے۔ 24K سب سے زیادہ خالص ہوتا ہے، جسے 99.9 فیصد اعلی  مانا جاتا  ہے۔ یہ جتنا خالص ہوگا، اس سے بنے زیورات اتنی ہی نرمی رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مضبوطی اور پائیداری کے لیے سونے میں دوسری دھاتوں کو ملایا جاتا ہے۔ 22K کا سونا 91.6 فیصد خالص ہوتا ہے، جسے اعلیٰ معیار کے زیورات میں استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ 18K، 75 فیصد اور 14K، 58.3 فیصدخالص  ہوتاہے۔تاہم سونے کا اعلی معیار جتنا زیادہ ہوگا،اس کی مارکیٹ ویلیو اتنی ہی زیادہ ہوگی۔ اس کا اثر آپ کو ملنے والی فی گرام لون کی رقم پر پڑتا ہے۔