Tuesday, May 13, 2025 | 15, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • دہلی کے سرکاری اسکولوں میں 11 مئی سے 30 جون تک تعطیلات کا اعلان

دہلی کے سرکاری اسکولوں میں 11 مئی سے 30 جون تک تعطیلات کا اعلان

Reported By: Munsif TV | Edited By: | Last Updated: May 11, 2025 IST     

image
دہلی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے دہلی کے تمام اسکولوں کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق دہلی کے تمام سرکاری اسکول 11 مئی سے 30 جون تک بند رہیں گے۔ تاہم گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی یہ تعطیلات بڑھ سکتی ہیں۔ دہلی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی طرف سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق، اگر جون کے بعد درجہ حرارت میں کمی نہیں آتی ہے، تو چھٹیاں بڑھائی جا سکتی ہیں۔
 

سینئر کلاسز کے طلباء کو مکمل چھٹی نہیں ملے گی:

دہلی حکومت نے واضح کیا ہے کہ 9ویں، 10ویں اور 12ویں جماعت کے طلباء کی پڑھائی چھٹیوں کے دوران بھی جاری رہے گی۔ اس دوران  کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ بورڈ اور اہم کلاسز کے طلباء کی پڑھائی متاثر نہ ہو۔ یہ کلاسز 13 مئی سے 31 مئی تک منعقد ہوں گی۔دہلی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی طرف سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق، یہ  ریمیڈیل کلاسیں صبح 7:30 بجے سے 10:30 بجے تک ہوں گی۔ اس سے طلباء کو دوپہر کی شدید گرمی سے نجات ملے گی۔ وہیں کلاس 9 اور 10 کے طلباء کے لیے سائنس اور ریاضی لازمی ہوں گے، جبکہ تیسرے مضمون کا فیصلہ اسکول کے پرنسپل طلباء کی ضروریات کے مطابق کر سکتے ہیں۔
 

دہلی کے پرائیویٹ اسکولوں میں آن لائن کلاسز ہوں گی:

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر دہلی کے کئی نجی اسکولوں نے جمعہ سے آن لائن کلاسز شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک عہدیدار نے بتایا کہ وسنت کنج میں واقع دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) جیسے نامور اداروں، مغربی وہار میں اندرا پرستھ ورلڈ اسکول اور ماڈل ٹاؤن میں کوئین میری اسکول نے طلباء کے لیے ورچوئل موڈ میں پڑھائی شروع کی ہے۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے یہ قدم موجودہ صورتحال کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو اور ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔