Thursday, July 03, 2025 | 08, 1447 محرم
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • حکومت نے اولا، اوبر کے لیےمصروف اوقات کے کرایوں اور سواری کی منسوخی پر نئے قواعد کا اعلان کیا

حکومت نے اولا، اوبر کے لیےمصروف اوقات کے کرایوں اور سواری کی منسوخی پر نئے قواعد کا اعلان کیا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 02, 2025 IST     

image
مرکزی حکومت نے ملک بھر میں اوبر، اولا اور دیگر آن لائن کیب سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے نئی رہنما ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں مصروف اوقات (Peak Hours) میں کرایے میں اضافہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
مصروف اوقات میں کرایا ڈبل کرنے کی اجازت
 
وزارت روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نے منگل کو موٹر وہیکل ایگریگیٹر گائیڈ لائنز 2024 کا اعلان کیا، جس کے تحت کیب کمپنیاں بنیادی کرایے سے دو گنا تک رقم وصول کر سکیں گی۔ پہلے کی پالیسی میں کیب ایگریگیٹرز کو صرف 1.5 گنا کرایہ بڑھانے کی اجازت تھی، لیکن نئی پالیسی کے مطابق اب یہ حد 2 گنا تک بڑھا دی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ، زیادہ رش کے اوقات میں سروس چارج یا سرچارج بھی 200 فیصد تک بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔
مسافروں کے لیے بھی کچھ راحت
تاہم مسافروں کے مفاد میں حکومت نے چند شرائط بھی مقرر کی ہیں۔ نئی گائیڈ لائنز کے مطابق تین کلومیٹر کے اندر سفر کرنے والے مسافروں سے کوئی اضافی سرچارج یا اضافی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی ڈرائیور بغیر مناسب وجہ کے سواری منسوخ کرے گا تو اس پر زیادہ سے زیادہ 100 روپے یا کرایہ کا 10 فیصد (جو بھی کم ہو) جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
سکیورٹی کیلئے اہم ہدایات
نئی پالیسی میں سواری والی گاڑیوں میں لوکیشن ٹریکنگ ڈیوائس کی موجودگی کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جو ریاستی کنٹرول سینٹرز سے منسلک ہوں گی تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ اس اقدام سے نہ صرف خواتین اور سینئر سٹیزنز کی سیکیورٹی بہتر ہوگی بلکہ مسافروں کی لوکیشن مانیٹرنگ بھی ممکن ہو سکے گی۔مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان نئی گائیڈ لائنز کو اجرا کی تاریخ سے تین ماہ کے اندر نافذ کریں۔ ریاستیں چاہیں تو ان قواعد میں مزید دفعات بھی شامل کر سکتی ہیں۔
کیوں کی گئی یہ ترمیم؟
حکومت کا ماننا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے شہری علاقوں میں ٹریفک رش اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے سبب آن لائن کیب ایگریگیٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ایگریگیٹر کمپنیاں بار بار کرایہ بڑھانے کا مطالبہ کر رہی تھیں، جس کے بعد حکومت نے مسافروں اور کمپنیوں دونوں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نئی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔ ایک جانب کیب کمپنیوں کو اپنے ریونیو بڑھانے کا موقع ملا ہے، وہیں مسافروں کے حقوق اور سیکیورٹی کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ کیب سروسز کے معیار اور تحفظ کے حوالے سے مثبت ثابت ہو سکتا ہے، بشرطیکہ اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔