• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • گل ویر کی دوڑ نے لکھ دی تاریخ، بھارت کو ملا نیا ایتھلیٹک ہیرو

گل ویر کی دوڑ نے لکھ دی تاریخ، بھارت کو ملا نیا ایتھلیٹک ہیرو

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Aug 02, 2026 IST

گل ویر کی دوڑ نے لکھ دی تاریخ، بھارت کو ملا نیا ایتھلیٹک ہیرو
ہندوستانی لمبی دوڑ کے رنر گل ویر سنگھ نے کامن ویلتھ گیمز "سی ڈیبلو جی" میں ایک نئی تاریخ قائم کردی۔ انہوں نے 5000 میٹر ریس میں کانسی کا تمغہ جیت کر یہ اعزاز حاصل کیا ، وہ کامن ویلتھ گیمز میں اس مقابلے میں تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی ایتھلیٹ بن گئے۔ گل ویر نے اس کے ساتھ ہی ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دیا۔ وہ کامن ویلتھ گیمز کے ایک ہی ایڈیشن میں ایتھلیٹکس کے دو تمغے جیتنے والے پہلے ہندوستانی ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ بن گئے۔ اس سے پہلے وہ  10,000 میٹر ریس میں چاندی کا تمغہ جیت چکے تھے۔

5000 میٹر میں شاندار کارکردگی

 5000 میٹر فائنل ریس میں گل ویر سنگھ نے 13منٹ 24سیکنڈ کے وقت کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس مقابلے میں کینیا کے میتھیو کپچمبا کپسانگ نے13منٹ 23سیکنڈ کے وقت کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا، جبکہ آسٹریلیا کے کائی رابنسن نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ گل ویر پوری ریس میں کھلاڑیوں کے ساتھ بنے رہے اور آخری مرحلے میں زبردست رفتار دکھاتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

آخری لمحات میں سخت مقابلہ

گل ویر سنگھ نے کانسی کے لیے کینیا کے رنرکارنیلیس کیمبوئی کو صرف 0.04 سیکنڈ کے فرق سے پیچھے چھوڑا۔ کیمبوئی اس ریس میں مضبوط دعویدار تھے اور ان کا ذاتی بہترین وقت 12منٹ 56 سیکنڈ تھا، لیکن وہ پوڈیم تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ گل ویر کا ریس کا وقت ان کے سیزن کے بہترین وقت اور قومی ریکارڈ سے کم تھا، لیکن ان کی یہ کامیابی ہندوستانی ایتھلیٹکس کے لیے تاریخی ثابت ہوئی۔

گل ویر کا شاندار سفر

گل ویر سنگھ 5000 میٹر اور 10,000 میٹر دونوں مقابلوں میں قومی ریکارڈ رکھنے والے کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے 2023 ہانگژو ایشین گیمز میں  10,000 میٹر ریس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ اب کامن ویلتھ گیمز میں چاندی اور کانسی کا تمغہ جیت کر انہوں نے اپنے کیریئر میں ایک اور بڑی کامیابی شامل کر لی ہے۔

ٹرپل جمپ میں بھارت کو دو مزید تمغے

ایتھلیٹکس میں بھارت کے لیے ایک اور کامیاب دن رہا۔ پراوین چترویل نے مردوں کے ٹرپل جمپ مقابلے میں 16.58 میٹر کی چھلانگ لگا کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ بھارت کے ہی سیلوا پربھو تھرومارن نے 16.52 میٹر کی چھلانگ کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ جمیکا کے جارڈن اسکاٹ نے 16.72 میٹر کی بہترین چھلانگ لگا کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

پیرا ایتھلیٹکس میں سومن رانا کا گولڈ

پیرا ایتھلیٹکس کے مقابلے میں ہندوستان کے سومن رانا نے مردوں کے ایف 57 شاٹ پٹ ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے 13.40 میٹر کی سیزن کی بہترین تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ ہندوستان کے شبھم جویال نے 13.28 میٹر کی کوشش کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ کیمرون کے سیڈرک ایزامڈزی نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

دیگر مقابلوں میں بھارت کی کارکردگی

خواتین کی 10,000 میٹر ریس واک میں ہندوستان کی پرینکا گوسوامی نے سیزن کے بہترین وقت  کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ روینا کو نااہل قرار دیا گیا۔  پول والٹ میں قومی ریکارڈ ہولڈر دیو کمار مینا نے 5.30 میٹر کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کلدیپ کمار چھٹے نمبر پر رہے۔ مکسڈ 4x400 میٹر ریلے فائنل میں ہندوستانی ٹیم، جس میں وشال ٹی کے، آنسا بابو، سنتوش کمار تاملراسن اور رشدیپ کور شامل تھے.

کامن ویلتھ گیمز میں بھارت کا ایتھلیٹکس ریکارڈ

 بھارت قابل جسمانی ایتھلیٹکس مقابلوں میں کوئی طلائی تمغہ نہیں جیت سکا، لیکن مجموعی طور پر ایتھلیٹکس میں بھارت نے 10 تمغے5 چاندی اور 5 کانسی حاصل کیے۔ یہ کامن ویلتھ گیمز میں بھارت کی ایتھلیٹکس کی دوسری بہترین کارکردگی ہے۔ اس سے پہلے بھارت نے 2010 دہلی کامن ویلتھ گیمز میں 12 تمغے جیتے تھے۔