Tuesday, February 03, 2026 | 15, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • تین بچوں کی وجہ سے الیکشن لڑنے سے تھا نا اہل ،سرپنچ بننے کی خواہش میں باپ نے ایک بچی کا کیا قتل

تین بچوں کی وجہ سے الیکشن لڑنے سے تھا نا اہل ،سرپنچ بننے کی خواہش میں باپ نے ایک بچی کا کیا قتل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Feb 03, 2026 IST

تین بچوں کی وجہ سے الیکشن لڑنے سے تھا نا اہل ،سرپنچ بننے کی خواہش میں باپ نے  ایک بچی کا کیا قتل
مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایک باپ نے مبینہ طور پر سرپنچ کا انتخاب لڑنے کے لیے اپنی ہی 6 سالہ بیٹی کا قتل کر دیا۔ ملزم کی شناخت 28 سالہ پانڈورنگ کونڈمنگلے کے طور پر کی گئی ہے جو کیرور گاؤں میں حجام کی دکان چلاتا ہے۔
 
نیوز 24 کے مطابق پاندورنگ آنے والے پنچایت الیکشن میں سرپنچ کے عہدے کے لیے الیکشن لڑنا چاہتا تھا۔ مہاراشٹر پنچایت راج قانون کے تحت صرف وہی شخص الیکشن لڑ سکتا ہے جس کے دو بچے ہوں۔ پاندورنگ کے گھر میں بیوی، ایک بیٹا اور جڑواں بیٹیاں تھیں۔ اس وجہ سے وہ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہو رہا تھا۔ انسانیت کو شرمسار کرتے ہوئے کونڈمانگلے نے ایک جاننے والے کے ساتھ مل کر ایک بچی کو راستے سے ہٹانے کی سازش رچی۔
 
نیوز 24 کے رپورٹس  کے مطابق، پہلے بچی کو گود دینے کا خیال کیا گیا، لیکن دستاویزی ریکارڈ کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو سکا۔ اس کے بعد بچی کی موت کو حادثہ دکھانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ الزام ہے کہ پاندورنگ نے اپنی 6 سالہ بیٹی پراچی کو گھمانے کے بہانے تلنگانہ کے نظام آباد ضلع لے گیا، وہاں ایک نہر کے پاس اسے پانی میں دھکا دے دیا۔ آس پاس موجود لوگوں نے آواز سن کر موقع پر پہنچنے کی کوشش کی، لیکن تب تک بچی کی موت ہو چکی تھی۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس نے لاش کو باہر نکالا۔ سوشل میڈیا اور مقامی نیٹ ورک کے ذریعے بچی کی شناخت ہوئی، جس کے بعد تفتیش کی کڑیاں مہاراشٹر تک پہنچیں۔
 
ابتدا میں باپ نے بچی کے علاج کا بہانہ بنایا، لیکن پوچھ گچھ میں اس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے ملزم باپ کے خلاف قتل اور مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ سازش میں مبینہ طور پر شامل ایک دوسرے شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔