منصف ٹی وی کی جانب سے نشر کیے جانے والے خصوصی پروگرام ’’ہیلتھ اور ہم‘‘ میں آج ایک نہایت اہم اور معلوماتی موضوع' فیٹل میڈیسن 'کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا،جس میں انکورا ہاسپٹلز، بنجارہ ہلز، حیدرآباد کی کنسلٹنٹ فیٹل میڈیسن اسپیشلسٹ ڈاکٹر سواتی ویاس نے شرکت کی اور ناظرین کو مفید اور اہم معلوماتی رہنمائی فراہم کی۔اس دوران ڈاکٹر نے زور دیا کہ' فیٹل میڈیسن 'حمل کے دوران کس طرح ماں کے پیٹ میں پلنے والے بچے کی نشوونما، صحت اور ممکنہ پیچیدگیوں کی بروقت تشخیص میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
ڈاکٹر سواتی ویاس نے بتایا کہ فیٹل میڈیسن دراصل حمل کے دوران جدید الٹراساؤنڈ، جینیٹک اسکریننگ اور خصوصی ٹیسٹوں کے ذریعے بچے کی نشوونما کا باریک بینی سے جائزہ لینے کا شعبہ ہے۔ اس کے ذریعے پیدائشی نقائص، جینیٹک مسائل اور دیگر خطرات کو بہت ابتدائی مرحلے میں پہچانا جا سکتا ہے، جس سے بروقت علاج یا مناسب فیصلہ ممکن ہو جاتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ این ٹی اسکین، اینوملی اسکین اور گروتھ اسکین جیسے ٹیسٹ حمل کے مختلف مراحل میں کیے جاتے ہیں، جو بچے کے اعضاء، دماغ، دل اور مجموعی نشوونما کا جائزہ لینے میں مدد دیتے ہیں۔ خاص طور پر ہائی رسک حمل، شوگر، بلڈ پریشر، تھائیرائیڈ یا سابقہ حمل ضائع ہونے کی تاریخ رکھنے والی خواتین کے لیے فیٹل میڈیسن نہایت مفید ثابت ہوتی ہے۔
پروگرام کے دوران ماہرینِ صحت نے بتایا کہ صحت مند حمل کے لیے سب سے پہلے متوازن غذا کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ حاملہ خواتین کو پروٹین، آئرن، کیلشیم، فولک ایسڈ اور وٹامنز پر مشتمل غذا لینا چاہیے۔ سبز پتوں والی سبزیاں، دودھ، انڈے، دالیں اور تازہ پھل صحت مند حمل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غیر ضروری جنک فوڈ اور بازاری اشیاء سے پرہیز کیا جائے۔
پروگرام میں باقاعدہ طبی معائنہ (چیک اپ) کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ حمل کے دوران وقتاً فوقتاً ڈاکٹر سے رجوع کرنا ماں اور بچے دونوں کی حفاظت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اس سے نہ صرف پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ بچے کی نشوونما پر بھی نظر رکھی جا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق حمل کے دوران ذہنی دباؤ، پریشانی اور خوف سے بچنا بہت ضروری ہے۔ مثبت سوچ، گھر والوں کی توجہ اور مناسب آرام حاملہ خاتون کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ ہلکی پھلکی ورزش، جیسے چہل قدمی یا ڈاکٹر کے مشورے سے یوگا بھی صحت مند حمل میں معاون ہے۔