اتر پردیش کے کانپور سے ایک ہولناک حادثے کی خبر سامنے آرہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈبل ڈیکر بس الٹنے سے اب تک تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ دو درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ حادثہ آگرہ ایکسپریس وے پر پیش آیا۔ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق کانپور کے آگرہ ایکسپریس وے پر جو بس حادثے کا شکار ہوئی وہ دہلی سے بہار جا رہی تھی۔ حادثہ منگل کی صبح پیش آیا۔ حادثے میں دو درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے کانپور ریفر کر دیا گیا ہے۔ پورا حادثہ کانپور کے اراؤل تھانہ علاقے میں پیش آیا۔تاہم مزید تفصیل کا انتظار ہے۔
ایمبولینس میں آگ لگنے سے تین افراد کی موت:
گجرات کے ارولی ضلع کے موڈاسا علاقے سے بھی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ موڈاسا کے رانا سید کے قریب ایک ایمبولینس میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تین افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے جبکہ کئی دیگر زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایمبولینس میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی۔ یہ ایمبولینس احمد آباد کے اورنج ہسپتال کی بتائی جا رہی ہے۔ رات گئے لگی آگ پر موڈاسا فائر بریگیڈ کی ٹیم نے کافی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زندہ جل کر ہلاک:
بہار کے مظفرپور ضلع میں ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں موتی پور بازار میں ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زندہ جل کر موت کے منہ میں چلے گئے۔بتایا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے گھر میں آگ لگی اور واقعہ اس وقت ہوا جب خاندان کے تمام افراد گہری نیند میں تھے۔ اس لیے کوئی شخص باہر نکل نہ سکا۔ آس پاس کے لوگوں نے آگ کی لپیٹیں دیکھیں تو شور مچا دیا اور خوب بھیڑ جمع ہو گئی۔ لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش بھی کی، مگر آگ اس قدر شدید تھی کہ قابو میں نہ آ سکی۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔
کرناٹک کے رام نگر میں چلتی کار میں لگی آگ :
کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو کے قریب واقع رام نگر ضلع سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں پیر کی شام رام نگر ضلع کے ایک ٹول بوتھ کے قریب ایک کار میں اچانک آگ لگ گئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ رام نگر کے اننیانا پالیہ علاقے میں ماگڈی-گڈیماراہنہلی مین روڈ پر ٹول بوتھ کے قریب ایک چلتی کار میں اچانک آگ لگ گئی۔ کچھ ہی دیر میں کار آگ کی لپیٹ میں آگئی اور سڑک کے بیچوں بیچ زور سے جلنے لگی۔ ایک ہی لمحے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئی۔تاہم راحت کی بات یہ تھی کہ گاڑی میں سوار تمام افراد آگ لگنے کے فوراً بعد باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور محفوظ رہے۔ اس واقعے میں کار میں سوار کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ تاہم اس واقعے سے علاقے میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔