• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • امین پور میں موسلا دھار بارش سے چند کالونیاں زیر آب! عام زندگی متاثر

امین پور میں موسلا دھار بارش سے چند کالونیاں زیر آب! عام زندگی متاثر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 23, 2026 IST

امین پور میں موسلا دھار بارش سے چند کالونیاں زیر آب! عام زندگی متاثر
حیدرآباد کے قریب امین پور اور بیرم گوڑا کے کئی نشیبی علاقے منگل کی صبح موسلا دھار بارش کی وجہ سے زیر آب آگئے۔ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوا اور پڑوسی ضلع سنگاریڈی کے سیٹلائٹ ٹاؤن امین پورمیں چند کالونیوں میں اپارٹمنٹ عمارتوں میں گاڑیاں ڈوب گئیں۔ کالونی کے مکینوں نے رات بے خوابی میں گزاری کیونکہ سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوا اور گھریلو سامان کو نقصان پہنچا۔اپارٹمنٹ عمارتوں کے تہہ خانے زیرآب آگئے، کاریں اور لفٹیں ڈوب گئیں۔
 
کالونی میں 30 کے قریب خاندان سیلاب سے متاثر ہوئے۔ انہوں نے شکایت کی کہ حکام ان کو بچانے کے لیے نہیں آئے۔ کچھ لوگوں نے اپارٹمنٹ کی عمارتوں سے پانی نکالنے کے لیے موٹریں لگائیں۔تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے مغربی اور جنوبی حیدرآباد اور مضافات کے کچھ حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، سڑکیں اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ چندا نگر، میا ں پور، شیر لنگم پلی، کونڈا پور، راجندر نگر، شمس آباد، بنڈلہ  گوڑا، اور چندرائن گٹہ جیسے علاقے متاثر ہوئے۔
 
تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق سائبر آباد میونسپل کارپوریشن کے چندا نگر میں سب سے زیادہ 12.8 سینٹی میٹر بارش ہوئی۔ امین پور میں 12.15 سینٹی میٹر اورشیر لنگم پلی میں 11.98 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔راجندر نگر، رام چندر پورم، شیر لنگم پلی ، امین پور اورپٹن چیورو منڈلوں کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔
 
بارش کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ رات بھر کی بارش کی وجہ سے راجندر نگر منڈل کے تحت شیو رام پلی جاگیر میں رام دیو بابا مندر کے قریب بھی پانی بھر گیا۔پولیس نے نہرو زولوجیکل پارک سے آرام گڑھ جانے والے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ ڈاکٹر منموہن سنگھ فلائی اوور کا استعمال کریں۔ڈیزاسٹر رسپانس فورس (DRF) اور حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسٹ پروٹیکشن ایجنسی (HYDRAA) کی ٹیمیں پانی کو صاف کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
 
 واضح رہےکہ حیدرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پیر کی رات سے شروع ہوئی بارش نے منگل کی صبح تک معمولاتِ زندگی کو متاثر کر دیا۔ شہر کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے ہوئی بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جبکہ کئی نشیبی علاقوں میں آمد و رفت میں مشکلات پیش آئیں۔حیدرآباد کے علاوہ رنگا ریڈی، میڑچل ملکاجگری اور دیگر مضافاتی علاقوں میں بھی اچھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ کئی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی رفتار سست پڑ گئی اور دفاتر و تعلیمی اداروں جانے والے افراد کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
 
شدید بارش کے نتیجے میں بعض نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اوردکانوں کے قریب تک پہنچ گیا۔ شہریوں نے نکاسیٔ آب کے ناقص انتظامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) اور دیگر بلدیاتی اداروں کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کے کام میں مصروف رہیں تاکہ ٹریفک اور شہری زندگی کو معمول پر لایا جا سکے۔
 
دریں اثنا، حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے ان پولیس اہلکاروں کی تعریف کی جوعوام کی حفاظت کو ان کا واحد مقصد کے ساتھ نامساعد موسمی حالات میں بھی سڑکوں پر انتھک کام کر رہے ہیں۔ کمشنر نے ایکس  پر ایک پوسٹ میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ جو سڑکوں پر پانی بھرنے کے مسئلے پر فوری طور پر حل کر رہے ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، ساتھ ہی دیگر محکموں کی ٹیمیں اپنا تعاون فراہم کر رہی ہیں۔ انھوں نے عوام سے اپیل  کی  کہ وہ سرکاری ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرتے ہوئے تعاون کریں تاکہ بارش کے دوران محفوظ طریقے سے اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔
 
بارش نے جہاں ایک طرف گرمی سے راحت فراہم کی ہے، وہیں شہری انتظامیہ کے لیے چیلنجز بھی پیدا کر دیے ہیں۔ آنے والے دنوں میں موسم کی صورتحال اور انتظامیہ کے اقدامات پر سب کی نظریں مرکوز رہیں گی۔