• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلگوریاستوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری،عوام کو مشکلات کا سامنا،آئندہ تین دن تک مزید بارش کی پیش قیاسی

تلگوریاستوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری،عوام کو مشکلات کا سامنا،آئندہ تین دن تک مزید بارش کی پیش قیاسی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jul 26, 2025 IST     

image
شمال مغربی خلیج بنگال میں بننے والا سائیکلونک سرکولیشن مغرب۔شمال مغرب کی طرف بڑھ کر ساحل سے ٹکرا گیا ہے۔ وشاکھاپٹنم کے موسمیاتی افسر جگن ناتھ کمار نے کہا کہ طوفانی گردش کے اثر سے ریاست میں آئندہ 4 دن تک بارش ہوگی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ساحلی اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے۔ تیسرے خطرے کی وارننگ شمالی ساحل کی بندرگاہوں کیلئے اور پہلی خطرے کی وارننگ جنوبی ساحل کی بندرگاہوں کیلئے جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مچھلی پکڑنے سے گریز کریں کیونکہ ساحل کے ساتھ 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
 
محکمہ موسمیات  کی پیش گوئی:
 
اسی طرح محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ شمالی آندھرا میں بعض مقامات پر درمیانی سے بھاری بارش اور دیگر حصوں میں ہلکی بارش ہوگی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کم دباؤ کے اثر کی وجہ سے سریکاکولم، وجیا نگرم، پاروتی پورم ، الوری سیتاراماجو، کاکیناڈا، پالناڈو، کرشنا اور دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش ہوگی۔اس دوران ہوم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی وزیر انیتا نے خلیج بنگال میں طوفان اور شدید بارشوں کا جائزہ لیا۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ طوفان کے آج مغربی بنگال سے ملحقہ بنگلہ دیش کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ وزیر انیتا نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ایم ڈی اور عملے سے موجودہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر انیتا نے ذاتی طور پر اے پی ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا معائنہ کیا۔ 
 
تلنگانہ بھر میں شدید بارش کا سلسلہ جاری :
 
تلنگانہ بھر میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں گذشتہ دو تین دن سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ کئی اضلاع میں شدید بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ کئی مقامات پر ندیاں اور نالے بہہ رہے ہیں۔ اس دوارن دارالحکومت حیدرآباد میں بھی گذشتہ دو دن سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آج صبح سے بھی شہر کے مختلف مقامات پر بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے مسافروں خاص طورپر تعلیمی اداروں اور دفاتر کو جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں مزید تین دن تک بارش جاری رہے گا۔ اس دوران تیس سے چالیس کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیاہےکہ وہ بارش کے دوران درختوں۔ برقی کھمبوں اور پرانی عمارتوں کے قریب ٹہرے سے گریز کریں۔  اس دوران محکمہ موسمیات کے سائنسدان سرینواس نے مزید تفصیلات سے واقف کرایا۔