• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل حملہ، ایک ہندوستانی شہری ہلاک، آٹھ زخمی

آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل حملہ، ایک ہندوستانی شہری ہلاک، آٹھ زخمی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Jul 14, 2026 IST

آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل حملہ، ایک ہندوستانی شہری ہلاک، آٹھ زخمی
 
 
امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز میں عمان کےسمندری علاقے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دو آئل ٹینکروں پر ایرانی کروز میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک جبکہ آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ حملے کے بعد دونوں جہازوں میں آگ لگ گئی، عملے نے بروقت آگ پر قابو پا لیا اور بڑے حادثے کو ٹال دیا۔
 

ایک ہندوستانی شہری ہلاک، آٹھ افراد زخمی

 
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے مطابق "ممباسہ " اور "البحیہ" نامی دو آئل ٹینکروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ آبنائے ہرمز کے جنوبی بحری راستے سے گزر رہے تھے۔ حملے میں ممباسہ ٹینکر پر موجود ایک ہندوستانی شہری ہلاک ہو گیا، جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں چھ ہندوستانی اور دو یوکرائنی شہری ہیں۔ ان زخمیوں میں سے چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
 

یو اے ای نے حملے کی سخت مذمت کی

 
میزائل حملے کے بعد دونوں ٹینکروں میں آگ لگ گئی اور انہیں کافی نقصان پہنچا، متحدہ عرب امارات نے اس حملے کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا کہ  وہ اپنی خودمختاری، سلامتی اور سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے گی ۔
 

امریکہ نے آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی

 
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں ایران کی ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہاں سے گزرنے والے بحری جہازوں سے سلامتی فراہم کرنے کے بدلے کارگو کی قیمت کا 20 فیصد معاوضہ وصول کیا جائے گا۔ امریکی فوج نے بھی اعلان کیا ہے کہ منگل کی شام چار بجے سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔
 
امریکہ کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ایران کو تجارتی بحری جہازوں پر حملے نہ کرنے کا موقع دیا گیا تھا، لیکن اس نے دوبارہ حملہ کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کی، جس کے بعد یہ فوجی کاروائی کی گئی۔
 

کشیدگی بڑھنے سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ

 
امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 7.8 فیصد بڑھ کر 81.92 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔  یہ قیمت جنگ کے دوران 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے والی سطح سے اب بھی کم ہے،  اگر آبنائے ہرمز میں کشیدگی مزید بڑھی تو عالمی تیل کی سپلائی اور معیشت پر اس کے سنگین اثرات پڑ سکتے ہیں۔
 
حالیہ بحری حملوں اور فائرنگ کے تبادلوں نے گزشتہ ماہ ہونے والے عبوری امن معاہدے پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جس کے تحت آبنائے ہرمز کو تمام بحری جہازوں کے لیے کھلا رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اب ایران کی کاروائی اور امریکہ کی نئی ناکہ بندی کے اعلان کے بعد خطے میں ایک بار پھر صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔