غزہ میں انسانی بحران ،غذائی امداد کی کمی کے باعث انتہائی شدت اختیار کر گیا ہے۔ اس دوران دیر البلاح شہر میں خوراک لے جانے والا ایک ٹرک الٹ جانے سے کم از کم 20 فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ یہ بات فلسطینی طبی ذرائع اور غزہ میں حکومتی میڈیا دفتر نے بتائی۔ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بڑی تعداد میں شہری اس امدادی ٹرک تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ٹرک ایک ایسے راستے سے گزر رہا تھا جو آمد و رفت کے لیے موزوں نہ تھا، اس کے نتیجے میں ٹرک لوگوں کے ہجوم کے درمیان الٹ گیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر ہلاک شدگان ان متاثرہ علاقوں کے رہائشی تھے جو شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں، اور وہ خوراک حاصل کرنے کی کوشش میں موت کا شکار ہوئے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر اسرائیل کے ممکنہ مکمل قبضے کے عزائم پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ،یہ اسرائیل کا اپنا معاملہ ہے۔ ٹرمپ نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،وہ اس بارے میں زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے، لیکن فیصلہ اسرائیل کا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کی انتظامیہ کی توجہ اس وقت غزہ کے شہریوں تک خوراک کی فراہمی بڑھانے پر مرکوز ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ غزہ کے عوام کو خوراک پوری مقدار میں دستیاب نہیں۔ ہم غزہ کے عوام کو خوراک پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
غزہ میں بدترین انسانی بحران:
امریکی حکام نے غزہ میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم نے فوج کو پورے غزہ پر قبضہ کرنے کا حکم دیا ہے جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک امریکی اہلکار نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ غزہ میں امدادی کارروائیوں کا انتظام سنبھالے گی۔ واشنگٹن کا خیال ہے کہ اسرائیل بحران سے صحیح طریقے سے نمٹنے کے قابل نہیں ہے۔تاہم مبینہ طور پر ٹرمپ ایسا کوئی کردار نہیں چاہتے لیکن انہیں کوئی عملی آپشن نظر نہیں آتا۔ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ نہیں مانتے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے تاہم انہوں نے صورتحال کی ہولناکی کو تسلیم کیا۔
ٹرمپ غزہ میں کیا چاہتے ہیں؟
غزہ میں غذائی قلت کا مسئلہ سنگین تر ہوتا جا رہا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ پسند نہیں ہے۔ وہ نہیں چاہتے کہ بچے بھوک سے مریں۔ وہ چاہتے ہے کہ مائیں اپنے بچوں کو دودھ پلانے کے قابل ہوں۔ وہ اس پر اٹل ہے۔' ٹرمپ انتظامیہ کے منصوبے میں خلیجی ممالک جیسے قطر سے مالی تعاون کے ساتھ ساتھ اردن اور مصر سے لاجسٹک سپورٹ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ٹرمپ اس بات پر بضد ہیں کہ امریکا کو اکیلے مالی بوجھ نہیں اٹھانا چاہیے۔ وہ یورپی اور عرب اتحادیوں پر زور دے رہا ہے کہ وہ حمایت میں اضافہ کریں۔