نمائش میدان میں پیرسےمچھلی پرساد کی تقسیم
تلنگانہ حکومت نے کئےگئے انتظامات
علاقہ میں دو دن تک ٹریفک کی پابندیاں
وزیرپونم پربھاکر نے انتظامات کالیا جائزہ
حیدرآباد کےعلاقہ نامپلی نمائش میدان میں باتھنی برادرس کی جانب سے مرگ کےموقع پر ہرسال فش پرساد، دمہ کے مریضوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی دمہ کے مریضوں میں مچھلی پرساد کی تقسیم کا عمل 8 جون کی رات 9 بجے سے شروع ہوگا۔ منتظمین کا کہنا ہےکہ یہ تبدیلی اس لئے کی گئی ہے کیونکہ مرگ رات قریب لگ رہا ہے۔ پرساد کی تقسیم 9 جون کی رات تک مسلسل جاری رہے گی۔
ملک بھر سے بڑی تعداد میں دمہ کےمریضوں کی آمد متوقع ہے، اس لیے تلنگانہ حکومت نے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور سری ہری نے شخصی طور پر نمائش میدان کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ گرمی کی شدت کے پیش نظر پنکھے، کولر، میڈیکل کیمپ، ایمبولینس اور سی پی آر ٹیمیں تیار رکھی گئی ہیں۔ سیکیورٹی کے لیے پولیس، شی ٹیمز اور سی سی ٹی وی کے ساتھ نگرانی رکھی گئی ہے۔
مچھلی پرساد کی تقسیم کے پیش نظرحیدرآباد ٹریفک پولیس نے نمائش میدان کےقریبی علاقوں میں پابندیاں عائد کردی ہیں۔ یہ پابندیاں 8 جون کی صبح 6 بجے سے 9 جون کی رات 8 بجے تک نافذ رہیں گی۔ آر ٹی سی بسوں اور وین میں آنے والوں کو گاندھی بھون یا گروہا کلپا میں اترنا ہوگا اور آٹوسے آنے والوں کو شیرزان ہوٹل نمائش گیٹ کےپاس اتر کر نمائش میدان پہنچنا ہوگا۔ اس تناظر میں پولیس نے گاڑی چلانے والوں کو متبادل راستوں سے سفر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔